بجلی،  پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ سراسر ناانصافی ہے: حمیس گلزار 

Apr 19, 2024

گوجرانوالہ(نمائندہ خصوصی )گوجرانوالہ چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر ضیا الحق(شیخ فیصل ایوب)،سینئر نائب صدر حمیس گلزار مغل اورنائب صدر عادل ندیم نے مشترکہ بیان میں حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بجلی اور پٹرولیم مصنوعات میں اضافے کے  اس فیصلے کو فی الفور واپس لے ۔ بزنس کمیونٹی جو کہ پہلے ہی گوں مگوں کی کیفیت سے دوچار ہے اسکو مزید مسائل کا سامنا کرنا پڑیگا۔ حکومت نے چند ماہ میں بجلی اور پٹرولیم  مصنوعات کی قیمتوں میں کئی گنا اضافہ کیا ہے جو سراسر ناانصافی ہے۔ اضافے سے برآمد کنندگان اور تاجر دونوں ہی یکساں متاثر ہونگے۔ گردشی قرضے پر قابو نہیں پایا جاسکا، اس سے صنعتی پیداوار کم ترین سطح پر آگئی ہے۔ خطے کے دیگر ممالک کے مقابلے پاکستان میں بجلی و پٹرلیم مصنوعات کی قیمت پہلے ہی بہت زیادہ ہے۔ بجلی چونکہ صنعتوں کیلیے ایک اہم خام مال ہے اس لیے پاکستانی مصنوعات بین الاقوامی منڈی میں مقابلے سے مکمل طور پر باہر ہو جائیں گی۔بجلی کی قیمتوں میں اضافے سے چوری کا رجحان بھی بڑھے گا۔ تاجر برادری یہ سمجھنے سے قاصر ہے کہ لائن لاسز پر قابو پانے اور سستی بجلی کی پیداوار بڑھانے کے بجائے ان کے مسائل میں اضافہ کیوں کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ صورتحال کا فوری نوٹس لے اور پٹرولیم مصنوعات و بجلی کی قیمتوں میں فوری کمی کا اعلان کرے۔

مزیدخبریں