کراچی ( کامرس رپورٹر) پاکستان سٹاک مارکیٹ گزشتہ روز بھی کاروبار ی اتار چڑھاو کا شکار رہی۔مارکیٹ ٹریڈنگ کے دوران 70600 پوائنٹس کی سطح کو چھونے کے بعد70200پوائنٹس کی پست سطح پر بند ہوئی جبکہ مارکیٹ کے سرمائے میں 9ارب روپے سے زائد کی کمی واقع ہوئی جبکہ 48.46فیصد حصص کی قیمتیں بھی گھٹ گئیں۔ ٹریڈنگ کے دوران اگرچہ کاروباری تیزی کی لہر آنے سے انڈیکس 70645 پوائنٹس کی سطح کو چھو گیا تھا تاہم مندی کی لہر آنے سے انڈیکس 70ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد بھی گنوا بیٹھا تھا اور انڈیکس 69700 پوائنٹس کی پست سطح پر ٹریڈ ہوتا دیکھا گیا مگر کاروبار کے اختتام سے قبل ریکوری کے باعث مارکیٹ ایک بار پھر 70 ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد پر بحال تو ہو گئی مگر مارکیٹ منفی زون میں بند ہوئی۔کاروباری مندی سے مارکیٹ کے سرمائے میں 9ارب4کروڑ57لاکھ8ہزار746روپے کی کمی واقع ہوئی جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم 97 کھرب 95 ارب 68 کروڑ 11 لاکھ 67 ہزار 315 روپے سے گھٹ کر97 کھرب 86 ارب 63 کروڑ 54 لاکھ 58 ہزار 569 روپے رہ گیا۔
سٹاک مارکیٹ،اتار چڑھائو،100 انڈیکس 70200پوائنٹس کی سطح پر بند
Apr 19, 2024