لاہور(نامہ نگار)سربراہ لاہور پولیس بلال صدیق کمیانہ کی صدارت میں کیپٹل سٹی پولیس ہیڈ کوارٹرز میں صدر اور سٹی ڈویژنز کی کارکردگی کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں ضمنی انتخابات،بیساکھی کی تقریبات اورپاکستان نیوزی لینڈکرکٹ میچزکی سکیورٹی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ سی سی پی او نے واضح کیا کہ اختیارات کا ناجائز استعمال، کرپشن اور شہریوں سے نارواسلوک برداشت نہیں کیا جائیگا۔ جرائم پیشہ عناصر کیساتھ گٹھ جوڑ کسی صورت قابلِ قبول نہیں، ملوث افراد کے خلاف سخت ایکشن لیا جائیگا۔ فرائض میں غفلت اور سرکاری امور کی انجام دہی میں عدم دلچسپی کی کوئی گنجائش نہیں۔ پولیس افسران و اہلکاران اپنی ذمہ داریاں ادا کریں۔ پولیس سروس نوکری نہیں بلکہ عوامی خدمت پر مبنی ایک لائف سٹائل ہے۔بلال صدیق کمیانہ نے رابری، سنیچنگ اور پراپرٹی کرائم میں ملوث گینگز کی گرفتاری کیلئے کارروائیاں تیز کرنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے آپریشنز اور انوسٹی گیشن ونگز کوٹیم ورک اور جوائنٹ پلاننگ کے تحت مشترکہ سرچ آپریشنزسے جرائم کے خاتمہ کو یقینی بنانے کی ہدایات جاری کیں۔ پولیس یونٹس آپس میں انفارمیشن شیئرنگ اور بہترین کوارڈنیشن قائم رکھیں۔ انہوں نے ایس ایچ اوز کو اے وی ایل ایس کی معاونت سے موٹر سائیکل چوری کی روک تھام کو یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ افسران قانون کی پاسداری کیلئے بلاتفریق کارروائیاں عمل میں لائیں اور جرائم کے خاتمے میں پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے نیٹ ورک سے بھرپوراستفادہ کیا جائے۔انہوں نے ہاٹ سپاٹ ایریاز میں ڈولفن سکواڈ کی موثر پٹرولنگ یقینی بنانے کی بھی ہدایات جاری کیں۔
جرائم پیشہ عناصر کیساتھ گٹھ جوڑ کسی صورت قابلِ قبول نہیں:سی سی پی او
Apr 19, 2024