تحفظ سنٹرز کے آؤٹ ریچ پروگرام کا دائرہ کار بڑھایا جائے:آئی جی 

Apr 19, 2024

لاہور(نامہ نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انورنے کہا ہے کہ صنفی جرائم، سماجی عدم تحفظ، استحصال اور تشدد کا شکار افراد کی مددکیلئے تحفظ سنٹرز کے پلیٹ فارم سے آؤٹ ریچ پروگرام کا دائرہ کار بڑھایا جائے اور سماجی مشکلات کے شکار زیادہ سے زیادہ افراد کو مدد اور تحفظ فراہم کیا جائے۔ٹرانسجینڈرز اور خواتین سے متعلقہ ایشوز پر فعال کاروائی کرتے ہوئے متاثرین کو فوری ریلیف فراہم کیا جائے۔بالخصوص صنفی جرائم کا شکار خواتین کی مدد، بے گھر بچوں کے تحفظ اور ٹرانسجینڈرز افراد کی معاونت کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں۔ الائیڈ اداروں اور فلاحی تنظیموں کے تعاون سے محروم طبقات کی مشکلات کا ازالہ کیا جائے۔ وکٹم سپورٹ افسران کے جاب کنٹریکٹ میں توسیع کارکردگی کی بنیاد پر ہوگی۔ غیر تسلی بخش کارکردگی پر وارننگ دینے کا عندیہ دیااور کہاکہ میثاق سنٹرز کے پلیٹ فارم سے اقلیتی شہریوں کو درپیش مسائل کا فوری ازالہ یقینی بنایا جا رہا ہے۔تمام ڈی پی اوز تحفظ مراکز اور میثاق سنٹرز کے اچانک دورے کرکے کارکردگی کا جائزہ لیں۔ مستحق شہریوں اور بچوں کی مدد کیلئے تمام اضلاع میں تحفظ منزل اور تحفظ درسگاہ کے پراجیکٹس کا قیام عمل میں لائیں گے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنٹرل پولیس آفس میں تحفظ مرکز و میثاق سنٹر کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے اجلاس کی صدارت کے دوران کیا۔ سی ٹی او لاہور عمارہ اطہر کہاکہ تحفظ مرکز کمیونٹی پولیسنگ کے حوالے سے فلیگ شپ پراجیکٹ ہے جس کے پلیٹ فارم سے زیادہ سے زیادہ شہریوں کو مدد و تعاون فراہم کیا جائے۔ عمارہ اطہر نے کہاکہ خواتین شہریوں کے مسائل کے ازالے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں، تحفظ سنٹرز کو درکار وسائل کی فراہمی میں کوئی کمی نہیں آئے گی، سپروائزری افسران اس حوالے سے ترجیحی اقدامات یقینی بنائیں۔

مزیدخبریں