لاہور (لیڈی رپورٹر) وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شیزا فاطمہ خواجہ نے کہا ہے کہ حکومت کی مثبت پالیسیوں کی بدولت آئی ٹی سیکٹر کو مزید ترقی ملے گی۔پاکستان عالمی سطح پر آئی ٹی کے شعبے میں لیڈر بننے جا رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مقامی ہوٹل میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیر مملکت نے کہاکہ انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن نیٹ ورک( آئی ٹی سی این) ایکسپو کا لاہور میں آغاز ہو گیا ہے جو انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی کمیونیکیشن کا سب سے بڑا تجارتی میلہ ہے۔ یہ کانفرنس و نمائش 3 دن تک جاری رہے گی جس میں 6 سو سے زائد کمپنیاں جبکہ 100 سے زائد غیر ملکی مہمان شرکت کر ر ہے ہیں۔ 55 ہزار سے زائد لوگ ایکسپو سنٹر لاہور میں سٹالز کا دورہ کریں گے جس کا مقصد پاکستان میں آئی ٹی کی مصنوعات کی بر آمدات کو بڑھانا ہے۔ یہ کانفرنس ہر سال پاکستان میں منعقد ہوا کرے گی۔