رانا سکندر حیات ،میاں عمران مسعود کی ملاقات،تعلیمی مسائل ، چیلنجز پر تبادلہ خیال

Apr 19, 2024

لاہور (لیڈی رپورٹر) صوبائی وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے کہا ہے کہ بوٹی مافیا کیخلاف اقدامات کی ضرورت ایک عرصہ سے محسوس کی جا رہی تھی۔ تعلیمی مافیا کے گرد گھیرا تنگ کر رہے ہیں۔ انہیں ہرگز من مانی نہیں کرنے دی جائے گی۔ نصاب کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے جلد ورکنگ مکمل کر لی جائے گی۔ آئندہ سال تعلیمی ایمرجنسی کے تناظر میں نہایت اہمیت کا حامل ثابت ہوگا۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز سابق وزیر تعلیم میاں عمران مسعود سے ملاقات کے دوران کیا۔ اس موقع پر دونوں رہنماؤں کے درمیان صوبے کے تعلیمی مسائل اور چیلنجز پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور تعلیمی چیلنجز کے احاطہ کیلئے بیشتر امور پر مشاورت کی گئی۔ سابق وزیر تعلیم میاں عمران مسعود نے بوٹی مافیا کیخلاف آپریشن پر وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کو سراہا اور تعلیمی ریفارمز کے حوالے سے بھی ان کے ویژن کی تعریف کی۔ رانا سکندر حیات اور میاں عمران مسعود کے مابین نجی تعلیمی اداروں کے مسائل کے حل کے حوالے سے کمیٹی بنانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ ملاقات میں سنگل نیشنل کریکلم اور نصابی کتب کی پرنٹنگ و ترسیل کے عوامل میں تاخیر کے معاملے پر سیر حاصل گفتگو بھی کی گئی اور اس ضمن میں اہم نکات پر مشاورت کی گئی۔

مزیدخبریں