لاہور(نیوز رپورٹر) آل پاکستان فیڈریشن آف ٹریڈیونینز(رجسٹرڈ) کے زیراہتمام آج یک از بانی مزدور تحریک بشیراحمد خان بختیار (مرحوم) کی 31 ویں برسی کے موقعہ پر ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے بختیار لیبرہال لاہور میں محنت کشوں کی قومی کانفرنس زیرصدارت عبدالطیف نظامانی صدر فیڈریشن ہذا منعقد ہوئی جس میں ملک بھر سے سینکڑوں نمائندگان یونین اور کارکنوں نے شرکت کی۔ کانفرنس میں خورشیداحمدجنرل سیکرٹری بمعہ عبدالطیف نظامانی صدر،اکبرعلی خان،حاجی محمد رمضان اچکزئی و دیگرنے خطاب کیا۔ اجلا س میں ایک قرار داد کے ذریعے و زیراعظم اور صوبائی حکومتوں سے پرزور مطالبہ کیا گیاکہ وہ ملک میں کمر توڑ مہنگائی، غربت، بے روزگاری، جہالت اور امیر و غریب کے مابین بے پناہ فرق اور جاگیرداری و سرمایہ پرستی دور کرنے کیلئے ہنگامی اقدامات کریں اور سرکاری، نیم سرکاری،نجی اداروں بمعہ صنعت، تجارت، بینکوں،میڈیا،ریلوے،محکمہ بجلی و واپڈا،پی آئی اے کے ملازمین کی تنخواہوں میں مہنگائی کے مطابق جلد اضافہ کرے۔ قومی اداروں بمعہ محکمہ بجلی، گیس، پی آئی اے ودیگر قومی اداروں کی مجوزہ نجکاری کی بجائے ان کی کارکرگی میں اضافہ کیاجائے۔ محکمہ بجلی کومحفوظ کرنے کیلئے جلد بھرتی کی جائے۔ حفاظتی آلات مہیا کیے جائیں۔ایک اور قرارداد کے ذریعے امن و انصاف پسند اقوام سے اپیل کی گئی کہ وہ فلسطین غزہ میں اسرائیلی بربریت سے معصوم شہریوں خصوصاً عورتوں اور بچوں کا قتل بند کروائیں اور جنگ بندی کروائی جائے۔