کراچی (آئی این پی ) وفاقی وزارت داخلہ نے سندھ ہائی کورٹ میں سابق وزیر اعظم عمران خان کی اڈیالہ جیل میں سیکیورٹی فراہمی کے کیس میں جواب جمع کروادیا جس میں کہا گیا ہے کہ اڈیالہ جیل پر دہشتگردوں کے حملہ کی اطلاعات ہیں۔ نجی ٹی وی کے مطابق وفاقی وزارت داخلہ کی جانب سے عدالت میں جمع کروائے گئے جواب کی کاپی منظر عام پر آگئی ۔ وزارت داخلہ کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اڈیالہ جیل پر دہشتگردوں کے حملہ کی اطلاعات ہیں ، قابل بھروسہ انٹیلیجنس اداروں کی رپورٹ کے مطابق دہشتگردوں کا پہلا ٹارگٹ راولپنڈی ہے ، رپورٹ کے مطابق راولپنڈی میں اہم شخصیات سمیت فوجی تنصیبات بھی دہشتگردوں کے نشانے پر ہیں۔ وزارت داخلہ کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ یہ دہشتگردی دشمن ممالک کی ایجنسیاں اور کالعدم گروپس کا منصوبہ ہے، پاکستان دشمن عناصر ملک میں سیاسی افراتفری اور انارکی پھیلانا چاہتے ہیں ، عمران خان سمیت ہر شہری کی زندگی اور اس کا تحفظ ریاست کی ذمہ داری ہے۔ وزارت داخلہ کے مطابق سیکیورٹی، حفاظت اور امن و امان صوبائی معاملہ ہے، اس سلسلے میں ٹھوس اقدامات کیے جا رہے ہیں، صرف عمران خان کی حفاظت کے لیے درخواست مسترد کی جائے۔