لاہور( این این آئی)سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی اور دیگر پر پنجاب اسمبلی میں جعلی بھرتیوں کے کیس میں فرد جرم عائد نہ ہو سکی۔ اینٹی کرپشن کی خصوصی عدالت کے جج ارشد حسین بھٹہ نے کیس پر سماعت کی ۔سابق وزیر اعلی پرویز الٰہی کو جیل سے عدالت میں پیش کرنے کی بجائے ان کا میڈیکل سرٹیفکیٹ پیش کیا گیا۔جس میں کہا گیا کہ پرویز الٰہی اڈیالہ جیل کے واش روم میں گر گئے تھے جس سے ان کی ہڈی فریکچر ہوئی تھی وہ ابھی ٹھیک نہیں ہوئے ،ڈاکٹر زنے ان کو آرام کا مشورہ دے دے رکھا ہے۔دوران سماعت پرویز الٰہی کے 10شریک ملزمان عدالت میں حاضری کیلئے پیش ہوئے۔عدالت نے آئندہ سماعت پر پرویز الٰہی اور دیگر ملزمان کو فرد جرم عائد کرنے کیلئے طلب کرتے ہوئے مزید سماعت 2 مئی تک ملتوی کر دی۔