لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلی پنجاب مریم نوازشریف نے 22 اپریل کو ’’ارتھ ڈے‘‘ 2024 کے موقع پر اہم ماحول دوست اقدامات کا فیصلہ کیا ہے۔ پنجاب بھرمیں ڈویژن اور ضلع کی سطح پر ’’ارتھ ڈے‘‘ منایا جائے گا اور ’نو ٹوپلاسٹک (Plastic to No) مہم کا آغاز ہوگا۔ اس حوالے سے 5 جون سے پنجاب بھر میں پلاسٹک تھیلوں کے استعمال پر پابندی کی وزیراعلی پنجاب نے منظوری دے دی ہے۔ ان خیالات کا اظہار سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے وزیراعلی پنجاب کے ماحول دوست وژن کے تحت اقدامات پر عمل درآمد کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ سینئر وزیر نے ہدایت کی کہ پولیتھین بیگز کی تیاری، ترسیل اور استعمال پر مکمل پابندی یقینی بنائی جائے کیونکہ پلاسٹک بیگز کو تلف کرنے اور آگ لگانے سے ماحول کو سنگین نقصان پہنچتا ہے اور سانس کی تکلیف اور دیگر جان لیوا بیماریاں جنم لیتی ہیں۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سربراہان اپنے اداروں اور ڈپٹی کمشنرز اپنے اپنے اضلاع میں پلاسٹک بیگز کے استعمال پر پابندی یقینی بنائیں گے۔ تعلیمی اداروں میں خصوصی لیکچرز اور تربیتی ورکشاپس ہوں گی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ارتھ ڈے پر’’نو ٹو پلاسٹک‘‘ کے پیغامات جاری ہوں گے۔ ذرائع اور سوشل میڈیا پر خصوصی آگاہی مہم چلے گی۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت کے مطابق 5 جون ڈیڈ لائن ہے جس کے بعد پلاسٹک بیگز کے استعمال پر مکمل پابندی ہوگی۔
پولیتھین بیگز کی تیاری، ترسیل، استعمال پر پابندی یقینی بنائی جائے: مریم اورنگزیب
Apr 19, 2024