واشنگٹن(این این آئی)امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے کہاہے کہ پاکستانیوں نے دہشت گردوں کے ہاتھوں بہت نقصان اٹھایا ہے۔ طالبان یقینی بنائیں کہ افغان سر زمین دہشت گردی کے لیے استعمال نہ ہو، بین الاقوامی قانونی حیثیت کے لیے طالبان کو وعدے پورے کرنا ہوں گے۔ چاہتے ہیں کہ افغانستان دوبارہ کبھی دہشت گردوں کے لیے محفوظ پناہ گاہ نہ بنے، خاص طور پر ان کے لیے جو امریکا یا اس کے اتحادیوں کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق جاری کیے گئے اعلامیے میں ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نے کہا کہ کسی بھی ملک کو دہشت گردی کا شکار نہیں ہونا چاہیے، دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے پاکستان کی کوششوں کی حمایت کرتے ہیں۔امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر کا مزید کہنا تھا کہ ہم انسدادِ دہشت گردی پر پاکستانی رہنماوں کے ساتھ باقاعدہ رابطے میں ہیں، امریکہ اور پاکستان انسدادِ دہشت گردی ڈائیلاگ سمیت افغانستان پر بات کرتے رہتے ہیں۔