آئی ایم ایف طویل پروگرام پر دستخط کیلئے پر امید: گورنر سٹیٹ بنک 

Apr 19, 2024

کراچی (نوائے وقت رپورٹ) گورنر سٹیٹ بنک جمیل احمد نے واشنگٹن میں اہم بین الاقوامی سرمایہ کاروں سے ملاقات کی۔ ملاقات آئی ایم ایف، ورلڈ بنک اجلاس کے موقع پر مالیاتی اداروں کی منعقدہ تقریبات میں ہوئی، اعلامیہ کے مطابق گورنر سٹیٹ بنک نے مانیٹری پالیسی کے نتیجے میں معاشی صورتحال میں بہتری سے آگاہ کیا اور آئی ایم ایف پروگرام کے  اہداف کی تکمیل سے حاصل ہوئی بہتری سے متعلق بتایا حکومت مستقبل میں آئی ایم ایف کے طویل مدتی پروگرام پر دستخط کیلئے پرامید ہے۔ جمیل احمد نے کہا کہ آئی ایم ایف طویل پروگرام سے معیشت کے مسائل حل کرنے میں سہولت ملے گی۔ ایک سال کے دوران مہنگائی تیزی سے کم ہوئی، مارچ 2024ء میں مہنگائی دو برسوں کی کم ترین سطح 20.7 فیصد پر آ گئی۔ جولائی تا فروری مالی سال 2024ء کے دوران کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ 3.8 ارب ڈالر سے کم ہوکر ایک ارب ڈالر رہ گیا۔ ترسیلات زر مسلسل بڑھ رہی ہیں۔ اپریل میں یورو بانڈ کی مد میں ایک ارب ڈالر ادائیگی کے باوجود زرمبادلہ ذخائر آٹھ ارب ڈالر تک پہنچ چکے ہیں۔ روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس کے ذریعے رقوم کی آمد میں اضافہ ہوا ہے۔ امید ہے ان اصلاحات سے معیشت پائیدار نمو کی راہ پر گامزن ہو جائے گی۔

مزیدخبریں