اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے بھارتی ٹارگٹ کلنگ پر کوئی بیان نہ آنے کا مطلب یہ نہیں کہ ہم سوئے ہوئے ہیں۔ وزارت خارجہ میں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے اسحاق ڈار کا کہنا تھا 28 اور 29 اپریل کو سعودی عرب میں وزیراعظم شہباز شریف اور میں ورلڈ اکنامک فورم کے خصوصی اجلاس میں شرکت کریں گے۔ ورلڈ اکنامک فورم اجلاس کے بعد اسلامی ممالک کی تنظیم او آئی سی کا گیمبیا میں اجلاس ہے۔ او آئی سی سربراہی اجلاس 4 اور 5 مئی کو ہو گا۔ وزیراعظم شہباز شریف او آئی سی کے سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے۔ وزیر اعظم او آئی سی اجلاس میں فلسطین اور کشمیر کا معاملہ اٹھائیں گے۔ ہم غزہ میں جنگ بندی چاہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا گزشتہ رات شراکت داروں کیساتھ وزارت خارجہ میں اجلاس ہوا۔ افغان وزیر خارجہ نے مبارکباد کا فون کیا تو دورے کی دعوت بھی دی، وقت آنے پر افغانستان کا دورہ ضرور کریں گے۔ سعودی عرب کے وفد کا دورہ پاکستان خوش آئند رہا لیکن کچھ سیاسی جماعتیں سعودی وفد کے دورے پر سیاست کر رہی ہیں جو افسوسناک ہے۔ حکومت نے بیرونی سرمایہ کاری کیلئے جو اقدامات کیے ہیں اسے سراہا گیا ہے۔ ہماری خارجہ امور سے متعلق پالیسی گائیڈ لائن امن ہے، ہم مسائل کا پرامن حل چاہتے ہیں، ہم سفارتکاری کو معاشی و اقتصادی سفارتکاری کی جانب لے کر جا رہے ہیں۔ ایرانی صدر کے دورہ پاکستان کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ کا کہنا تھا سربراہ مملکت کے دورے فوری طور پر پلان نہیں ہوتے، ایران کے صدر کا دورہ پاکستان پہلے سے طے شدہ تھا، ایران اور اسرائیل کے درمیان صورتحال ابھی پیدا ہوئی اس کا اس دورے سے کوئی تعلق نہیں، ایرانی صدر کا دورہ 22، 23 اور 24 اپریل کو ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ بشام واقعہ کی تحقیقات ہو رہی ہیں۔ چینی باشندوں کی پاکستان میں سکیورٹی اولین ترجیح ہے، بہت جلد ذمہ داروں کو کیفر کردار تک پہنچا دیں گے۔ دریں اثناء امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ملاقات کی ہے۔ امریکی سفارتخانے کے قائم مقام ترجمان تھامس منٹگمری کے مطابق ملاقات میں خطے میں پیدا ہونے والی حالیہ صورتحال اور حالیہ دنوں میں رونما ہونے والے اہم واقعات پر گفتگو کی گئی۔ امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے ملاقات میں پاکستانی وزیرخارجہ اسحاق ڈار کو حکومت پاکستان اور پاکستانی عوام کے ساتھ مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ امریکی سفیر نے کہا کہ پاکستان کی سلامتی اور ترقی امریکہ کی ترجیحات میں شامل ہے۔
بھارتی ٹارگٹ کلنگ پر بیان نہ آنے کا یہ مطلب نہیں ہم سوئے ہوئے ہیں: اسحاق ڈار
Apr 19, 2024