کلر سیداں (نامہ نگار) کلر سیداں پولیس نے سادہ لوح شہریوں کو گاڑی میں لفٹ دے کر انہیں ان کے قیمتی سامان سے محروم کرنے والے گینگ کے سرغنہ کو گرفتار کر کے اس سے ایک لاکھ روپے کی مسروقہ رقم برآمد کر لی۔پولیس کے مطابق ملزم کاشف عرف کاشی جھانسہ دے کر خواتین کو اپنی گاڑی میں بٹھاتا اور گن پوائنٹ پر رقم چھین کر انہیں ویران جگہ پر اتار کر موقع سے فرار ہو جاتا تھا،ملزم نے ایک سال قبل کلر سیداں کے رہائشی شہزاد نامی شخص کی والدہ کو گاڑی میں لفٹ دی اور ان سے ڈیڑھ لاکھ روپے مالیت کے طلائی زیورات اتروا لیئے اور مہیرہ سنگال کے قریب اتار کر فرار ہو گیا تھا۔پولیس نے بتایا کہ ملزم کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے بھی چھاپے مارے جا رہے ہیں۔دریں اثناء کلر سیداں میں ڈکیتی کا واقعہ ڈرامہ نکلا۔ذاکر نامی شخص نے دو افراد سے 32لاکھ روپے کی رقم ادھار لے رکھی تھی جس نے رقم واپس کرنے سے بچنے کیلئے ڈکیتی کا ڈرامہ رچایا جو بری طرح فلاپ ہو گیا۔