حسن ابدال(نامہ نگار) نواحی علاقے چوہا شاہ غریب کے رہائشی امانت علی ولد شیر بہادر نے تھانہ صدر پولیس کو بیان دیا کہ گذشتہ روز مجھے اپنے بھائی شکیل نے بتایا کہ ہماری بہن مسماۃ (ن،ب) فوت ہو گئی ہیں جب میں اپنے بھائی اور اہل خانہ کے ہمراہ اپنی ہمشیرہ کے گھر پہنچا تو ہماری ہمشیرہ کی نعش صحن میں چار پائی پر پڑی تھی جس کے ہاتھ اور بازوں وغیرہ پر زخم کے نشان تھے شک گزرنے پر جب گھرکی خواتین نے چیک کیا تو اس کے گلے اور جسم کے مختلف حصوں پر تشدد کے نشانات پائے گئے ۔بھتیجی سے پوچھنے پر اس نے بتایا کہ ان کا والد ملک کامران گذشتہ رات ڈنڈے کی مدد سے ہماری ہمشیرہ کو تشدد کا نشانہ بناتا رہا ہے جس سے اس کی حالت غیر ہو گئی جس پر ان کی پھوپھیاں والدہ کو ہسپتال لے گئیں اور صبح بتایا کہ ہماری والدہ فوت ہو گئی ۔امانت علی کے مطابق مسماۃ (ن۔ب)کو اس کے خاوند نے مبینہ طور پر تشدد کر کے موت کے گھاٹ اتارا جبکہ اس کی بہنوں نے قتل کے ثبوت مٹا کر میت کو فوری غسل دے دیا۔ تھانہ صدر حسن ابدال پولیس نے امانت علی کے بیان پر ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کر دی ہے۔
حسن ابدال ،شوہر نے تشدد کر کے بیوی کو موت کے گھاٹ اتار دیا
Apr 19, 2024