پشاور(بیورو رپورٹ) خیبرپی کیمیں چار قومی اور صوبائی اسمبلی کی خالی نشستوں پر انتخابات کے لئے میدان 21 اپریل کو سجے گا۔وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواسردار علی امین گنڈا پور کے بھائی فیصل امین گنڈا پور کا مقابلہ جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے بھائی ضیاء الرحمان کے ساتھ ہو گا ۔ باجوڑ میں (ن ) لیگ کے شہاب الدین ، جماعت اسلامی کے صاحبزادہ ہارون رشید ، سنی اتحاد کونسل کے گل ظفر خان ، اے این پی کے خان زیب اور پیپلز پارٹی کے اخونزادہ چٹان کے درمیان ٹکرائو ہوگا۔ این اے 8ب باجوڑ ، این اے 44ڈی آئی خان پی کے 22باجوڑ اور پی کے 91کوہاٹ پر خالی نشستوں پر 49امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہو رہا ہے ۔ این اے 8باجوڑ سے 7امیدوار ، این اے 44ڈی آئی خان سے 19، پی کے 22سے 13، اور پی کے 91سے 10امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہو گا۔ انتخابات صبح 8بجے سے شروع ہو نگے جو کہ پانچ بجے تک جاری ہو نگے انتخابات میں 14لاکھ 71ہزار سے زائد ووٹرز اپنے حق رائے دہی استعمال کرینگے ۔جن میں مردووٹرز کی تعداد 7لاکھ 99ہزار 730جبکہ خواتین ووٹرز کی تعداد 6لاکھ 72ہزار 216ہیں ۔ مجموعی طور پر 892پولنگ سٹیشن قائم کئے گئے ہیں جن میں 139پولنگ سٹیشن حساس ترین ہیں۔ انتخابی مہم ہفتے اور جمعہ کے آدھی رات کو اختتام پذیر ہو جائیگی ۔