اسلام اباد(سپورٹس رپورٹر) پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل سیریز کا پہلا میچ بارش کی نذر ہوگیا۔ نیوزی لینڈ نے پاکستان کے خلاف سیریز کے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا، تاہم بارش کے باعث میچ شروع نہ ہوسکا۔ پنڈی کرکٹ سٹیڈیم راولپنڈی میں بارش کے باعث میچ کی ٹاس میں تاخیر ہوئی۔ ٹاس کے بعد دونوں ٹیمیں میدان میں آئیں اور دونوں ممالک کے قومی ترانے ہوئے تاہم میچ کی پہلی گیند سے قبل بارش دوبارہ شروع ہوگئی اور میچ پھر روک دیا گیا۔ 2گھنٹے 17 منٹ کی تاخیر سے میچ دوبارہ شروع ہوا، میچ 5، 5 اوورز تک محدود کر دیا گیا۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹم رابنسن اور ٹم سیفرڈ نے اننگز کا آغاز کیا، ٹم رابنس میچ کی دوسری گیند پر 2 کے مجموعی سکور پر بغیر کوئی رن بنائے شاہین شاہین آفریدی کی گیند پر بولڈ ہوگئے، اس کے بعد مہمان کپتان مارک چیمپمین آئے لیکن بارش نے پھر انٹری ڈالی اور میچ منسوخ کردیا گیا۔ اس میچ میں پاکستان کی طرف سے تین کھلاڑیوں عثمان خان، ابرار احمد اور عرفان خان نیازی نے ڈیبیو کیا۔پاکستان کی ٹیم کپتان بابر اعظم، صائم ایوب، محمد رضوان، عثمان خان، افتخار احمد، محمد عرفان خان، شاداب خان، شاہین آفریدی، نسیم شاہ، محمد عامر اور ابرار احمد پر مشتمل ہے۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم میں کپتان مائیکل بریسویل، مارک چیپمین، جوش کلارکسن، جیکب ڈفی، ڈین فوکس کروفٹ، بین لسٹر، جمی نیشم، ٹم روبنسن، بین سیئرس، ٹم سائفرٹ اور اش سودھی شامل ہیں۔ سیریز کا دوسرا ٹی ٹوئنٹی میچ کل بروز ہفتہ کھیلا جائے گا۔