آٹھ دن تک سيلاب کی صورتحال برقرار رہے گی،متاثرین کے لئے ضروریات کے پیش نظرخیموں کی برآمد پر پابندی لگادی گئی ہے۔ قمر زمان کائرہ

اسلام آباد میں سیلاب کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے قمرزمان کائرہ نے کہا کہ آٹھ دن بعد سيلاب کی شدت ختم ہوجائے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے ٹینٹ بنانے والے اداروں سے کہا ہے جتنے خیمے بنا سکتے ہیں ہمیں فوری طورپر فراہم کریں ۔ اب تک متاثرین میں ایک لاکھ ترپن ہزارسے زائد خیمے تقسیم کردیئے گئے ہیں ۔  سیلاب زدگان کے لئے امدادی سرگرمیوں میں تہترہیلی کاپٹرحصہ لے رہے ہیں، متاثرین میں راشن کے چارلاکھ اڑتیس ہزار سے زائد پیکٹ اور ایک لاکھ اٹھہتر ہزار کمبل تقسیم کیے گئے ہیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ سیلاب کے نتیجے میں چودہ سو پچھہتر افراد جاں بحق ہوئے ، دو ہزار باون افراد زخمی ہیں جبکہ نو لاکھ ستر ہزار گھر تباہ ہوئے ہیں ۔  وفاقی وزیر نے کہا کہ  سيلاب کے باعث خيبرپختونخوا ميں سڑکوں اور پلوں کی تباہی سے چار ارب بیس کروڑ روپے کا نقصان ہوا۔ سڑکوں کی بحالی اور تباہ شدہ مواصلات کا نظام بہتر بنانا ہماری اولین ترجیح ہے جس کے تحت چکدرہ پل کو ہلکی ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا۔ یہ پل کھلنے سے اپر دیر، لوئر دیر، چترال اورباجوڑ ایجنسی کا پاکستان کے دیگر حصوں سے رابطہ بحال ہوگیا ہے ۔

ای پیپر دی نیشن