خیبرایجنسی کی تحصیل جمرود کی جامع مسجد میں نمازجمعہ کی ادائیگی کےدوران خود کش حملے میں پچاس افراد جاں بحق اور سو سے زائد افراد زخمی ہوگئےہیں۔

Aug 19, 2011 | 08:32

سفیر یاؤ جنگ
تحصیل جمرود کے علاقہ غونڈی میں نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد لوگ جامع مسجد سے نکل رہے تھے کہ خود کش حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔ دھماکے کے نتیجے میں پچاس افراد جاں بحق جبکہ سو سے زائد زخمی ہوگئے۔ جمرود ہیڈ کوارٹر ہسپتال اور پشاور کے حیات آباد میڈیکل کمپلیکس اور خیبر ٹیچنگ ہسپتالوں میں ایمر جنسی نافذ کردی گئی ہے۔ حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں سات لاشیں اور ساٹھ سے زائد زخمی جبکہ خیبر ٹیچنگ ہسپتال میں گیارہ لاشیں اور چالیس زخمی لائے گئے ہیں جہاں متعدد کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔ دھماکہ اتنا شدید تھا کہ اس سے مسجد کی چھت گرگئی اور قریبی عمارتوں کو بھی شدید نقصان پہنچا۔ جائے وقوعہ سے ملبہ ہٹانے کا کام جاری ہے۔ سکیورٹی فورسز اور پولیٹیکل ایجنٹس نے علاقے کا محاصرہ کر کے شواہد اکٹھا کرنا شروع کردیئے ہیں۔ عینی شاہدین کے مطابق دھماکے کے وقت چار سو سے زائد افراد مسجد میں موجود تھے۔ وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نےدھماکے کی مذمت کرتے ہوئے فوری تحقیقات کا حکم دیا ہے۔
مزیدخبریں