برلن: جرمن انتہا پسندوں کی شرانگیزی، مسجد کے باہرگستاخانہ خاکوں کی نمائش

برلن (اے ایف پی) جرمنی میں گزشتہ روز انتہاپسندوں کے ایک گروپ نے اسلام اور مسلمانوں کیخلاف انتہائی شرانگیزی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مسجد کے باہر توہین آمیز کارٹون کی نمائش کی۔ اس موقع پر پولیس کی بھاری نفری موجود تھی جبکہ بائیں بازو اور انٹی نازی گروپ کی جانب سے جوابی مظاہرہ بھی کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق برلن کی ایک مسجد کے باہر گزشتہ روز دائیں بازو کے ایک گروپ سے تعلق رکھنے والے 50 کے لگ بھگ انتہا پسندوں نے اس انتہائی توہین آمیز کارٹون کی نمائش کی جو کچھ عرصہ قبل ڈنمارک میں شائع کیا گیا تھا اور اس کے شائع ہونے کے بعد دنیا بھر میں مسلمانوں کی جانب سے شدید پرتشدد ردعمل کا اظہار کیا گیا تھا۔ اس گروپ کو مسجد کے باہر پیغمبر اسلام کے (نعوذ بااللہ) توہین آمیز کارٹون کی نمائش کی اجازت دارالحکومت برلن کی انتظامی عدالت نے دی تھی اور مسجد کی انتظامیہ کی طرف سے اس اشتعال انگیز نمائش کو روکنے کی استدعا یہ کہتے ہوئے مقرر کر دی تھی کہ اسے روکنا ”آزادی فن“ کے منافی ہے۔ مسجد کے باہر توہین آمیز کارٹون کی نمائش کرنیوالوں نے ایسے پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر اسلامائزیشن روکنے کے نعرے درج تھے۔ اس گروپ نے اتوار کو دیگر دو مساجد کے باہر بھی ایسی ہی اشتعال انگیزی کا مظاہرہ کرنے کا پروگرام بنایا ہے۔

ای پیپر دی نیشن