لاہور (آئی این پی) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کی کرپٹ ترین حکومت میں بھی فوج نے جمہوریت کی حمایت کی‘ امید ہے نیا آرمی چیف بھی ایسا ہی کرے گا‘ نئی حکومت 90 دن میں کچھ نہ کر سکی‘ ڈرون حملوں کو کوئی نہیں رکوا سکتا‘ بھارت میں بی جے پی کی حکومت آنے سے تعلقات بہتر ہوں گے‘ پاکستان کے استحکام میں ہی بھارت کی بھلائی ہے۔ بھارت سے ہمارا اصل تنازع پانی پر ہے‘ ہم کسی سے خصوصاً پڑوسیوں کے ساتھ جنگ نہیں چاہتے تاہم اگر کسی نے ہماری سالمیت سے کھیلنے کی کوشش کی تو وہ ہمارا نشانہ ہو گا‘ مسلمان موت سے نہیں ڈرتا‘ موت تو ہماری محبوبہ ہے۔ اپنے ایک انٹرویو میں شیخ رشید احمد نے کہا کہ ہم نے دوسروں کو خوش کرنے کے لئے اپنی سرزمین کو تبا ہ کر دیا۔ ہم نے اپنے ہی لوگوں کے خلاف ہتھیار اٹھائے۔ ہمیں بھارت اس وجہ سے کمزور سمجھ رہا ہے کہ ہمارے اندر اتحاد و یکجہتی کا فقدان ہے۔ جس دن ساری قوم ایک ہو جائے گی سب ٹھیک ہو جائے گا۔ ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کشمیریوں کو ان کے حال پر چھوڑ دے وہ اپنا فیصلہ خود کر لیں گے۔