کوٹلی/ باغ/ راجوری (نوائے وقت نیوز+ ایجنسیاں) بھارتی فورسز کی طرف سے کنٹرول لائن پر بلااشتعال فائرنگ اور گولہ باری کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔ نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق بھارتی سکیورٹی فورسز نے گزشتہ روز نکیال سیکٹر میں فائرنگ اور گولہ باری کر کے سیزفائر کی پھر خلاف ورزی کی تاہم اس دوران کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ مزید برآں بھارتی فورسز نے باغ آزاد کشمیر کے مختلف سیکٹرز میں بلااشتعال گولہ باری کی۔ بھارتی فورسز کی طرف سے پونچھ ڈویژن کے 4 سیکٹرز عباس پور، چڑی کوٹ، دوسہ موڑ اور پولیس سیکٹر میں گولہ باری کی جس پر آزاد کشمیر کے ملحقہ آبادیوں کے رہائشیوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔ آن لائن کے مطابق گذشتہ رات بھی کوٹلی آزاد کشمیر میں نکیال سیکٹر میں بھارتی افواج کی جانب سے بلا اشتعال فائرنگ اور گولہ باری کی گئی تاہم اس سے کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ ذرائع کے مطابق نکیال سیکٹر کے علاقے لنجوٹ میں ہفتہ اور اتوار کی رات ایک بجے بھارتی فوج کی جانب سے بلا اشتعال فائرنگ کا سلسلہ شروع ہوا جو وقفے وقفے سے جاری رہا۔ پاک فوج کی جانب سے جوابی فائرنگ کے بعد بھارتی افواج نے مارٹر گولے بھی فائر کئے جو آبادی میں آ کر گرے تاہم اب تک کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ پاک فوج نے بھی دشمن کی اس کارروائی کا بھرپور جواب دیا جس سے بھارتی گنیں خاموش ہو گئیں۔ آئی این پی کے مطابق 14دنوں میں 35بار لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کی گئی اور سماجی حلقوں کی طرف سے بھارتی جارحیت کے خلاف شدید غم و غصے کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ بھارتی فوج منہ زور گھوڑے کی طرح ہوگئی جسے لائن آف کنٹرول نظر آرہی ہے نہ اسے بھارتی سرکار لگام دے پا رہی ہے۔ یاد رہے جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی رات بھی بھارتی فوج نے نکیال سیکٹر کے مختلف دیہات پر ہلکے اور بھاری ہتھیاروں سے فائرنگ کی جس سے سکول اور 3مکان تباہ ہوگئے تھے جبکہ تین شہری زخمی بھی ہوئے۔ مزید برآں کے پی آئی کے مطابق کنٹرول لائن پر مسلسل گولہ باری سے پاکستان‘ بھارت کے مابین کشیدہ حالات کے پیش نظر بھارتی فوج نے توپ خانے کو سرحد کے قریب پہنچا دیا ہے جبکہ بالاکوٹ اور راجوری میں فضائیہ میں درجنوں ہیلی کاپٹروں کو گشت کرتے ہوئے دیکھا گیا۔ بالاکوٹ کے کئی علاقوں سے مقامی لوگ محفوظ مقامات کی طرف نقل مکانی کرنے لگے ہیں۔ پونچھ سے لیکر ترکنڈی بالاکوٹ تک پوری کنٹرول لائن پر انتہائی تنا¶ ہے جبکہ راجوری سے نوشہرہ کی کنٹرول لائن پر خاموشی ہے تاہم اس پورے خطہ کے سرحدی علاقوں میں بھارتی فوج نے ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے اور اضافی نفری لگا کر فوج کو 24 گھنٹے الرٹ رہنے کی ہدایات کی گئی ہیں۔ مقامی لوگوں نے بتایا بالاکوٹ‘ کشن گھاٹی اور منکوٹ سیکٹر کی طرف توپوں کو جاتے ہوئے دیکھا جس سے خوف و دہشت کا ماحول پیدا ہو گیا ہے۔اسلام آباد سے سٹاف رپورٹر کے مطابق پس پردہ سفارتکاری کے ذریعہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کم کرنے کی کوششوں کے باوجود کنٹرول لائن کے مختلف سیکٹروں میں فوجیں الرٹ کی حالت میں ہیں۔