کوئٹہ، صوابی، پشاور (نوائے وقت رپورٹ+ بیورو رپورٹ+ این این آئی) کوئٹہ کے علاقے سریاب روڈ پر ایف سی کی چیک پوسٹ پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے دو سکیورٹی اہلکار جاں بحق ہوگئے۔ پولیس کے مطابق سکیورٹی فورسز کی جوابی فائرنگ سے ایک حملہ آور ہلاک ہوگیا۔ ایف سی نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔ علاوہ ازیں شہر چمن کلی محمود آباد میں دو قبائل میں تصادم ہوگیا جس سے دو افراد جاں بحق ہو گئے۔ علاوہ ازیں صنعتی شہر حب میں کریکر بم دھماکہ ہوا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ عدالت روڈ پر دھماکے سے دکانوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔ صوابی میں جہانگیر روڈ پر نامعلوم افراد نے پولیس ناکے پر فائرنگ کر دی جس سے دو پولیس اہلکار جاں بحق ہو گئے۔ زخمیوں میں ایک پولیس اہلکار اور ایک شہری شامل ہیں۔ علاوہ ازیں پشاور میں وزیر باغ روڈ پر واقع پولیس چوکی پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 3 پولیس اہلکار زخمی ہو گئے۔ علاوہ ازیں ہنگو میں افغان مہاجر کیمپوں میں سرچ آپریشن کے دوران 102 مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔
کوئٹہ: ایف سی چیک پوسٹ پر حملہ‘2 اہلکار جاں بحق ‘ صوابی : فائرنگ‘2 پولیس والے مارے گئے
Aug 19, 2013