مسلم لیگ کی حکومت عوامی توقعات پر پورا اترے گی: حمزہ شہباز

Aug 19, 2013

لاہور (سٹاف رپورٹر) مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما رکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت عوامی توقعات پر پورا اترے گی۔ وزیراعظم نواز شریف کو اللہ کی مدد اور عوام کی بھرپور حمایت حاصل ہے۔ لوڈشیڈنگ، دہشت گردی، معاشی زبوں حالی اور بے روزگاری جیسے مسائل ایک ایک کر کے وزیراعظم کے آہنی ارادوں، سیاسی عزم اور جہد مسلسل کے سامنے ڈھیر ہوتے چلے جائیں گے۔ پاکستانی قوم میاں نواز شریف کی قیادت میں ترقی اور خوشحالی کی ان منزلوں سے ضرور ہمکنار ہو گی۔ حمزہ شہباز شریف نے ان خیالات کا اظہار ضلع سرگودھا کی تحصیل سلانوالی میں حلقہ این اے 68 میں ضمنی انتخابات کے سلسلے میں ایک بہت بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ حمزہ شہباز شریف نے اپنے خطاب میں کہا اگرچہ وطن عزیز کو درپیش مسائل کی نوعیت سنگین ہے تاہم ناامید ہونے کی ضرورت نہیں۔ حمزہ شہباز شریف نے خطاب کرتے کہا سلانوالی میں ایکسپو سنٹر اور بڑا سپورٹس سٹیڈیم تعمیر کیا جائیگا۔ سلانوالی، سرگودھا روڈ کو دورویہ کرنے کا بھی اعلان کیا اور کہا اس حلقے میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کیلئے فلٹریشن پلانٹس سمیت ترقیاتی کاموں کا جال بچھا دیا جائے گا اور اہل حلقہ کی تمام توقعات پوری کی جائیں گی۔ 

مزیدخبریں