سیالکوٹ /لاہور (آئی این پی ) بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر سیز فائر کی خلاف ورزیاں جاری ، چارواہ ہ اور چپراڑ سیکٹر میں بلا اشتعال اور گولہ باری سے 2رینجر اہلکاروں سمیت تین افراد زخمی ہوگئے، چناب رینجرز نے منہ توڑ جواب دیتے ہوئے دشمن کی توپیں خاموش کرادیں۔تفصیلات کے مطابق پیر کو جنگی جنون میں مبتلا بھارتی سیکورٹی فورسز نے سیالکوٹ میں چارواہ ہ اور چپراڑ سیکٹر کے سرحدی علاقوں بلا اشتعال فائرنگ اور گولہ باری کی جس کی زد میں آکر چناب رینجرز کے دو جوان اور ایک عام شہری زخمی ہوگیا۔ فائرنگ اور گولہ باری سے سرحدی علاقوں میں شدید خوف و ہراس بھی پھیل گیا۔ چناب رینجرز نے منہ توڑ جواب دیتے ہوئے دشمن کی توپیں خاموش کرا دیں۔ ایک ہفتے کے دوران سیز فائر کی خلاف ورزی کا یہ تیسرا واقعہ ہے ۔چناب رینجرز کے ذرائع کے مطابق فائرنگ کا سلسلہ اتوار اور پیر کی درمیانی شب شروع ہوا، جو صبح سات بجے تک جاری رہا۔ نجی ٹی وی کے مطابق ہندوستانی فوج کی جانب سے بھاری ہتھیاروں کا استعمال کیا گیا جس کے نتیجے میں متعدد مویشی ہلاک ہوگئے جبکہ کئی مکانات کو بھی نقصان پہنچا۔واضح رہے گزشتہ روز بھی بھارتی فوج نے آزاد کشمیر میں کوٹلی کے نکیال سیکٹر اور سیالکوٹ میں چار واہ اور ہرپال سیکٹرز میں بھی فائرنگ اور گولہ باری کی تھی جس کا پاکستانی جوانوں نے بھی بھر پور جواب دیا تھا۔ جس میں ایک پاکستانی خاتون شہید بھی ہوئی تھی۔پسرور سے نامہ نگارکے مطابق بھارتی بارڈر سکیورٹی فورس نے مسلسل چوتھے دن تحصیل پسرور کے سرحدی دیہات پر بلااشتعال فائرنگ اور شیلنگ کا سلسلہ جاری رکھا۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق پاکستانی دیہات جروال، بہلاد پور، اکھنور،کھوکھر چھبہ، چاروہ ، بینی سلہریاں ، لدھا گنگ اور ہرپال پر مجموعی طور پر300 سے زیادہ رائونڈ فائر کئے گئے اور گولے پھینکے گئے جس سے متعدد مویشی ہلاک اور مکانات کو شدید نقصان پہنچا تاہم پاکستان کی طرف سے چناب رینجرز نے بھرپور جوابی کارروائی کی۔ دریں اثنا تحصیل پسرور کے بارڈر ایریا کے قریب واقع دیہات کے لوگوں نے بھارتی فائرنگ اور شیلنگ سے تنگ آ کر نقل مکانی شروع کر دی ہے۔
بھارتی فائرنگ
بھارتی فائرنگ