شہریار خان پی سی بی کے بلامقابلہ چیئرمین منتخب

Aug 19, 2014

لاہور (سپورٹس رپورٹر+ نمائندہ سپورٹس) پاکستان کرکٹ بورڈ کے بورڈ آف گورنرز نے شہریار خان کو بلامقابلہ بورڈ کا چیئرمین منتخب کر لیا۔تفصیلات کے مطابق ان کا انتخاب پاکستان کرکٹ بورڈ کے نئے آئین کے تحت عمل میں آیا ہے۔80 سالہ شہریار خان اس سے قبل بھی 2003 میں لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) توقیر ضیا کی جگہ پی سی بی کے چیئرمین بنے تھے، لیکن تقریباً تین سال  بعد استعفیٰ دینا پڑا تھا۔اوول کا مشہور متنازع ٹیسٹ میچ انھی کے دور میں کھیلا گیا تھا جس میں پاکستانی ٹیم پر مبینہ طور پر بال ٹیمپرنگ کا الزام لگا تھا جس پر ٹیم نے احتجاج کرتے ہوئے میدان میں جانے سے انکار کر دیا تھا۔ شہریار خان پاکستان کے قابل احترام سفارت کاروں میں شمار ہوتے ہیں۔ وہ سیکریٹری خارجہ کے علاوہ متعدد ممالک میں پاکستان کے سفیر بھی رہ چکے ہیں۔ اس کے علاوہ وہ روانڈا میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری کے خصوصی نمائندے کی ذمہ داری بھی نبھا چکے ہیں۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان کرکٹ روابط کی بحالی میں بھی اہم کردار ادا کر چکے ہیں۔ گذشتہ سال انہوں نے پاک بھارت تعلقات کی بہتری کی کوششوں کے سلسلے میں وزیراعظم کے خصوصی نمائندے کی حیثیت سے بھارت کا دورہ کیا تھا۔

مزیدخبریں