لاہور+ کولمبو (نمائندہ سپورٹس+ ایجنسیاں) سری لنکا نے پاکستان کو 2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے دوسرے اور آخری ٹیسٹ میں 105 رنز سے شکست دیکر سیریز دو صفر سے جیت لی ۔ تفصیلات کے مطابق کولمبو میں ٹیسٹ کے آخری روز پاکستان کو آئی لینڈرز کے 271 رنز کے تعاقب میں مزید 144 رنز درکار تھے۔ پاکستانی بلے باز سکور میں صرف 38 رنز کا اضافہ کر سکے اور 165 رنز پر 9 کھلاڑی پویلین لوٹ گئے ۔ صرف سرفراز احمد ہی سری لنکن بائولرز کے سامنے تھوڑی مزاحمت کا سامنا کر سکے اور 55 رنز بنا کر ٹاپ سکورر رہے۔ رنگنا ہیراتھ نے 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔سری لنکا سے عبرت ناک شکست کے بعد پاکستان آئی سی سی کی ٹیسٹ رینکنگ میں تیسری پوزیشن سے چھٹی پوزیشن پر پہنچ گیا۔سری لنکا نے دوسرے ٹیسٹ میں پاکستان کو شکست دے کر اپنا الوداعی ٹیسٹ کھیلنے والے مہیلا جے وردنے کو بھی یادگار تحفہ دیا اور سیریز میں پاکستان کو وائٹ واش کرنے کے بعد تمام کھلاڑیوں نے مہیلا جے وردنے کو کندھوں پر بٹھا کر پورے گراؤنڈ کا چکر لگوایا۔