ملتان (نمائندہ خصوصی) جنرل بس سٹینڈ کے قریب 4 ڈاکوؤں نے نجی بنک سے ڈیڑھ کروڑ روپے لوٹ کر 2 گارڈز کو قتل کردیا۔ تفصیلات کے مطابق 4 ڈاکو کار نمبر ایم این یو 806 پر جناح پارک کے سامنے نجی بنک میں پہنچے۔ ڈاکوؤں نے سکیورٹی گارڈز کی وردی پہنی ہوئی تھی۔ انہوں نے بنک میں داخل ہوتے ہی اندھا دھند فائرنگ کرکے دروازے پر موجود دو سکیورٹی گارڈ اسلام الدین اور مظہر علی کو قتل اور تیسرے گارڈ کو زخمی کر دیا۔ انہوں نے تقریباً دو منٹ کے اندر کارروائی مکمل کی اور کاؤنٹر سے نقدی چھین لی۔ انہوں نے بنک کی پچھلی گلی میں اپنی پرانی کار چھوڑ دی اور نئے ماڈل کی کار میں فرار ہو گئے۔ واردات کے دوران سکیورٹی گارڈ کی فائرنگ سے ایک ڈاکو بھی زخمی ہوا۔ زخمی ڈاکو کو اسکے ساتھی ہمراہ لے جانے میں کامیاب ہوگئے۔ واقعہ کی اطلاع پر پولیس کی بھاری نفری‘ ایلیٹ فورس اور اعلیٰ پولیس افسر موقع پر پہنچ گئے اور شہر بھر کی ناکہ بندی کروا دی گئی۔ فارنزک لیبارٹری کے عملے نے بنک کے اندر سے شواہد اکٹھے کئے۔ ڈاکوؤں کی ایک گاڑی پولیس نے قبضہ میں لے لی جس پر جعلی نمبر لگا ہوا تھا۔ کار کا اصل نمبر ایف ڈی 27 ہے جوکہ شیخوپورہ کے شہری کی ملکیت بتائی جاتی ہے۔
ملتان‘ ڈاکوؤں نے بنک سے ڈیڑھ کروڑ روپے لوٹ لئے‘ فائرنگ سے 2 گارڈ جاں بحق
Aug 19, 2014