پنجاب میں صاف پانی کمپنی کے منصوبوں میںاقربا پروری، ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کے تحفظات

Aug 19, 2015

لاہور (معین اظہر سے) پنجاب میں صاف پانی کمپنی میں اربوں روپے کے پراجیکٹس میں اقربا پروری اور ہیرا پھیری پر ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل پاکستان نے چیف سیکرٹری پنجاب کو خط لکھ دیا جس میں اس ہیرا پھیری اور اقربا پروری کی نشاندہی کی گئی ہے۔ ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل پاکستان کی طرف سے جو لیٹر لکھا گیا ہے، کے مطابق پری کوالیفکیشن آف کنسلٹنٹ کے پراسیس پر اعتراضات اٹھائے ہیں۔ دوسرے اعتراض میں پراکیورمنٹ پراسیس پر بھی اعتراضات اٹھائے گئے ہیں جس پر بیوروکریسی نے ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کے ان اعتراضات کو غلط قرار دیتے ہوئے صاف پانی کمپنی کو ان اعتراضات کے جواب میں لیٹر سیکرٹری قانون کے لکھوا کر بھجوانے کی ہدایات کر دی ہیں جبکہ صاف پانی کمپنی کیلئے اجلاسوں میں فراست اقبال سابق سی ای او کو بھی بٹھایا جارہا ہے۔ پنجاب حکومت نے صوبے کے عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کیلئے اربوں روپے کا پراجیکٹ شروع کیا جس کیلئے ایک کمپنی بنائی گئی تھی جس کے سی ای او فراست اقبال کے سیاسی تعلقات پر بھی متعدد سوالات اٹھائے جاتے رہے تاہم اب ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل نے اسکے پراجیکٹس میں کمپنیوں کو دئیے جانیوالے ٹھیکوں کی شفافیت پر اعتراضات اٹھا دئیے ہیں جس پر وزیراعلیٰ نے صاف پانی کمپنی کی چیئرپرسن ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا کو عارضی طور پر کمپنی کی چیئرپرسن کے عہدے پر کام جاری رکھنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔ ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل نے الزام لگایا ہے کہ کنسلٹنٹ کے پراسیس جو پیکیج 4 ، 5 ، 6 اور 7 ، 8 میں قانونی تقاضے پورے نہیں کئے گئے جبکہ ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل نے پراکیورمنٹ (خریداری) میں بھی قانون کی خلاف ورزی کے الزامات لگائے ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے سیکرٹری قانون اور سابق سی ای او کو اس کا جواب تیار کرنے کی ہدایات دی تھیں جس پر محکمہ قانون اور سابق سی ای او فراست اقبال نے جو اپنا جواب وزیر اعلی کو بھجوایا ہے اس میں کہا گیا ہے کہ ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کو مس انڈرسٹینڈنگ ہوئی اور ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل پانچ مختلف پیکیجز کو ایک پیکیج کے طور پر دیکھ رہی ہے جس پر ایک اجلاس میں ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی طرف سے پراکیورمنٹ پراسیس پر اٹھائے جانے والے اعتراضات کو بھی غلط قرار دیتے ہوئے پراسیس کو لیگل قرار دیدیا ہے تاہم پھر اس ایشو پر اجلاس منعقد کیا گیا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ مزید شفافیت پیدا کرنے کیلئے پری کوالیفائی کرنیوالی کمپنیوں چار کمپنیوں ایک سنگل کنسورشیم کے طور پر لیا جائے۔ اس کیلئے پراجیکٹ 4، 5، 6، 7 اور 8 میں چار کمپنیوں کو کنٹریکٹ دئیے گئے ہیں اس کیلئے صاف پانی کمپنی کی مینجمنٹ کو کہا جائیگا کہ یہ کمپنیاں اپنے پری کوالیکفیشن آفر کو سنگل کنسورشیم کے طور پر دیں۔ اس کیلئے ان کمپنیوں کو ٹائم دیا جائے کہ وہ یہ کاغذات جمع کروا دیں۔ اس کے بعد صاف پانی کمپنی محکمہ قانون کے ساتھ مل کر اپنی توسیع کی وضاحت کا لیٹر ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کو جاری کریں گے جبکہ ایک طرف صاف پانی کمپنی نے ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کے اعتراضات کو غلط قرار دیا ہے جبکہ اب اپنے پراسیس کی توسیع کرکے لیٹر لکھے جانے کے فیصلے کے بعد سارا معاملہ مشکوک ہو گیا ہے۔ اس حوالے سے ذرائع کے مطابق سابق سی ای او سے جواب لینے کی بجائے اربوں روپے کے پراجیکٹ پر اعتراضات کی صورت میں نیب سے تحقیقات کروانی چاہئے تھیں۔

مزیدخبریں