کراچی (بی بی سی) متحدہ قومی موومنٹ کے گذشتہ پانچ برس میں رشید گوڈیل سمیت پانچ ارکان اسمبلی کو نشانہ بنایا گیا جن میں سے چار ہلاک ہو گئے تھے۔ متحدہ کے منتخب ارکان پر حملوں کا سلسلہ 2010 سے شروع ہوا۔ اگست 2010ء میں رکن صوبائی اسمبلی رضا حیدر کو اورنگی میں نشانہ بنایا گیا، موٹر سائیکل سواروں نے سر میں گولی ماری۔ ان کی ہلاکت کے بعد شہر میں جلاؤ گھیراؤ کے واقعات میں تین روز میں 50 سے زائد افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ جنوری 2013ء میں اورنگی ٹاؤن میں رکن صوبائی اسمبلی منظر امام موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ میں ہلاک ہوگئے۔ جون 2013ء میں موٹر سائیکل سوار حملہ آوروں نے رکن صوبائی اسمبلی ساجد قریشی کو ان کے نوجوان بیٹے سمیت اس وقت نشانہ بنایا جب وہ جمعہ کی نماز کی ادائیگی کے بعد گھر جا رہے تھے۔ کراچی سے باہر بھی ایک رکن اسمبلی نشانہ بنیں۔ جون 2014ء میں لاہور میں رکن قومی اسمبلی طاہرہ آصف فائرنگ کے ایک واقعے میں زخمی ہوگئی تھیں جو چند روز کے بعد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے انتقال کر گئیں۔
5 برس میں متحدہ کے 5 ارکان اسمبلی پر قاتلانہ حملے ہوئے، 4 جاں بحق ہو گئے: بی بی سی
Aug 19, 2015