لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے وطن عزیز میں دہشت گردی اور انتہا پسندی کی کوئی گنجائش نہیں۔ نیشنل ایکشن پلان دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کیخلاف متفقہ قومی لائحہ عمل ہے اور پنجاب میں اس پر مؤثر انداز سے عملدرآمد جاری ہے۔ دہشت گردوں اور انکے سہولت کاروں کو کہیں بھی سر چھپانے کی جگہ نہیں ملے گی۔ دہشت گرد اور ان کے سہولت کار ملک و قوم کے دشمن ہیں، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک دشمن عناصر کی سرکوبی کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں۔ عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے تمام ضروری اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے ان خیالات کا اظہار یہاں اعلیٰ سطح کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں صوبے میں امن و امان کی صورتحال اور نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کے حوالے سے کئے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیا گیا اور دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کیخلاف آپریشن مزید تیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ شہباز شریف نے پوری قوم ملک سے دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کا عزم کر چکی۔ دہشت گردی کے عفریت کو ہمیشہ ہمیشہ کیلئے دفن کرنے کیلئے ہمت اور تسلسل کیساتھ آگے بڑھنا ہو گا اور ہم سب کو اتحاد اور اتفاق کی طاقت سے ملک کو دہشت گردی کے ناسُور سے چھٹکارا دلانا ہے۔ انہوں نے کہا کالعدم تنظیموں کی سرگرمیوں کا پوری قوت سے قلع قمع کیا جائے گا۔ نیشنل ایکشن پلان کے تحت اٹھائے گئے اقدامات تسلسل کیساتھ جاری رکھے جائیں۔ پاک افواج کا دہشت گردوں کیخلاف کامیاب آپریشن ضرب عضب پوری قوت سے جاری ہے اور پوری قوم پاک افواج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ ملک سے آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جنگ جاری رہے گی۔ ملک کو دہشت گردوں کے ناپاک وجود سے پاک کر کے دہشت گردی کیخلاف جنگ کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو پاکستان میں سر چھپانے کی جگہ نہیں ملے گی اور انہیں کیفر کردار تک پہنچا کر دم لیں گے۔ دہشت گرد اور ان کے سہولت کار ملک و قوم کے دشمن ہیں، ان کا نام و نشان مٹا کر دم لیں گے۔ وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی صوبے بھر میں سکیورٹی انتظامات کو مزید مؤثر بنایا جائے۔ لائوڈ سپیکر پر پابندی کے قانون پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے۔ وال چاکنگ پر پابندی اور مذہبی منافرت پر مبنی لٹریچر کی اشاعت و تقسیم روکنے کے حوالے سے قوانین پر مؤثر انداز میں عملدرآمد ہونا چاہیے۔ کالعدم تنظیموں اور انہیں مالی معاونت فراہم کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رکھی جائے۔ مزید برآں پنجاب حکومت اور چین کی سیمنٹ کمپنی یان ژائی بائو کیائو جن ہانگ کے درمیان سالٹ رینج میں جدید سیمنٹ پلانٹ لگانے کا معاہدہ طے پا گیا ہے۔ اس ضمن میں ماڈل ٹائون میں منعقدہ تقریب میں مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے گئے۔ تقریب کے مہمان خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف تھے۔ معاہدے کے تحت چین کی کمپنی سالٹ رینج میں سیمنٹ کا جدید ترین پلانٹ لگائے گی۔ سیمنٹ پلانٹ کی تنصیب میں چینی کمپنی 350 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گی۔ شہباز شریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا پنجاب حکومت اور چین کی کمپنی کے مابین جدید سیمنٹ پلانٹ لگانے کا معاہدہ چین کی ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنے کا باعث بنے گا اور سیمنٹ پلانٹ لگنے سے چینی سرمایہ کاری آئے گی، روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ چینی وفد کے ارکان نے کہا پاکستان ہمارا دوسرا گھر ہے اور ہمیں یہاں سرمایہ کاری کر کے بے حد خوشی ہو گی۔ چینی کمپنی کے وفد نے اٹک خودکش دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے صوبائی وزیر کرنل (ر) شجاع خانزادہ اور قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ مزید برآں شہباز شریف نے جامعہ اشرفیہ لاہور کے استاد الحدیث مولانا عبدالرحیم چترالی کے بھائی عبدالرحمن چترالی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔