اسلام آباد/ کوئٹہ (ایجنسیاں + بیورو رپورٹ) ملکی سیاسی صورتحال پر نظر رکھنے والی سماجی تنظیم پلڈاٹ نے ملک کی 21 اہم شخصیات کی نشاندہی کی ہے جو آئندہ دس سے پندرہ سال کے عرصے کے دوران وزیراعظم بن سکتی ہیں، ان میں شریف خاندان کے تین اور زرداری خاندان کی دو شخصیات سمیت عمران خان، احسن اقبال اور چوہدری نثار علی خان بھی شامل ہیں۔ رپورٹ کے مطابق یہ تجزیہ ان سیاسی رہنمائوں کی کارکردگی، صلاحیتوں، ان کے بارے میں عوامی آراء اور ان سے انٹرویوز کے بعد کیا گیا۔ ان شخصیات میں شہباز شریف، حمزہ شہباز، مریم نواز، بلاول بھٹو زرداری، آصفہ بھٹو زرداری، عمران خان ، چودھری نثار علی خان، اسحاق ڈار، احسن اقبال، اعتزاز احسن، اسد عمر، اویس ا حمد خان لغاری، حنا ربانی کھر، ہمایوں اختر خان، خرم دستگیر خان، لیاقت بلوچ، ماروی میمن، مشاہد حسین سید، عمر ایوب خان، شاہ محمود قریشی اور شازیہ مری شامل ہیں یہ جائزہ 13 نکاتی نظام کی بنیاد پر مرتب کیا گیا ہے۔ ان شخصیات کی ایک کتابی شکل میں پرو فائلز مرتب کی گئی ہیں۔ تجزیے کے مطابق بظاہر شہباز شریف اس دوڑ میں سب سے آگے ہیں اگرچہ اسحاق ڈار اور چودھری نثار کے وزیراعظم بننے کے امکانات بھی قوی ہیں۔ پانچ رہنمائوں کا تعلق پیپلز پارٹی سے ہے۔ پلڈاٹ کی حالیہ رپورٹ کے مطابق بلوچستان اسمبلی کی پہلے پارلیمانی سال کے مقابلے میں دوسرے سال کی کارکردگی انحطاط کا شکار ہو گئی ہے اس میں سرکاری مسودات اور قراردادوں میں کمی کی شرح سے لے کر اسمبلی کے اجلاسوں تک کے معاملات شامل ہیں۔