بجلی کی طویل بندش جاری، کاروبار زندگی مفلوج، شرقپور، پھولنگر، فیصل آباد میں مظاہرے

لاہور (نامہ نگاران) پنجاب بھر میں بجلی کی طویل بندش کا سلسلہ گزشتہ روز بھی جاری رہا جس کے باعث کاروبار زندگی مفلوج ہو کر رہ گیا اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا رہا، کئی علاقوں میں پانی کی بھی قلت رہی۔ بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کیخلاف گزشتہ روز پھولنگر، شرقپور، فیصل آباد اور جھنگ میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔ فیصل آباد سے نمائندہ خصوصی کے مطابق غلام محمد آباد کے علاقہ مرضی پورہ کے مکینوں نے فیسکو کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا اور سڑک بلاک کرکے نعرے بازی کی۔ مظاہرین کے مطابق مرضی پورہ کے بجلی سپلائی کرنے والا مرکزی ٹرانسفارم گزشتہ 2 دنوں سے خراب ہے۔ جھنگ سے نامہ نگار کے مطابق بجلی کی بندش کے خلاف انجمن تاجران کوٹ روڈ اور محلہ گوہر شاہ کے علاقہ مکینوں نے مظاہرہ کیا۔ احتجاجی مظاہرین کا کہنا تھا کہ کوٹ روڈ پر واقع ٹرانسفارمر بجلی کو خراب ہوئے تین دن گزر گئے، کوئی شنوائی نہیں ہو رہی۔ مظاہرین نے روڈ بلاک کر دی۔ حویلی لکھا سے نامہ نگار کے مطابق شہر اور گردونواح میں غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ میں اضافہ ہو گیا ہے۔ نارووال سے نامہ نگار کے مطابق شدید گرمی، حبس اور لوڈشیڈنگ سے شہری بے حال ہو گئے۔ بھلوال سے نامہ نگار کے مطابق شہر اور گردونواح میں غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کا دورانیہ کئی گھنٹے بڑھ گیا۔ پھولنگر سے نامہ نگار کے مطابق پھولنگر کوٹ جوئیانوالہ محلہ مسلم ٹائون کا ٹرانسفارمر خراب ہونے پر علاقہ مکین سڑکوں پر نک آئے اور لیسکو سب ڈویژن پھول نگر آفس کے سامنے شدید احتجاج کیا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ شدید گرمی اور حبس میں آئے روز بجلی بند ہونے سے علاقہ مکینوں کو شدید اذیت میں مبتلا کر دیا ہے۔ مسلسل بجلی بند رہنے سے علاقہ مکین پینے کے پانی سے بھی محروم ہو گئے۔ شرقپور شریف سے نامہ نگار کے مطابق شہر اور گردونواح میں غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی، بدترین لوڈشیڈنگ کیخلاف شہریوں نے حکومت کے خلاف نعرے بازی کی اور مطالبہ کیا کہ لوڈشیڈنگ کا کوئی ٹائم ٹیبل ہونا چاہئے جبکہ مساجد میں وضو کے لئے پانی غائب ہو گیا۔ قصور سے نمائندہ نوائے وقت اور نامہ نگار کے مطابق غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ سے شہری بے حال ہو گئے، سخت گرمی، حبس میں لوڈشیڈنگ پر شہری سراپا احتجاج بن گئے۔ گزشتہ تین روز سے شہر اور گردونواح میں غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے ہر گھنٹے بعد تین گھنٹے کے لئے بجلی بند کر دی جاتی ہے۔ پنڈی بھٹیاں سے نامہ نگار کے مطابق غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 12گھنٹے سے تجاوز کر گیا، گرمی کی شدت اور شدید حبس سے شہری بے حال ہو گئے جبکہ پانی کی بھی شدید قلت رہی۔ حافظ آباد سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق بجلی کے غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ میں مزید اضافہ ہو گیا، شہر اور اسکے گردونواح میں 12گھنٹے تک بجلی کی بندش نے لوگوں کا جینا محال کر دیا۔ بچیانہ سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق طوفانی بارش کے باعث 12کھمبے زمین بوس ہو گئے جس سے بچیانہ فیڈر سے چلنے والے تمام دیہات کو بجلی کی سپلائی معطل ہو گئی۔ 20گھنٹے گزر جانے کے باوجود بچیانہ سمیت دیگر تمام دیہات کو بجلی کی سپلائی بحال نہ کی جا سکی جس کے باعث شہری پانی کی بوند بوند کو ترس گئے۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...