صفدرآباد ،فیصل آباد میں مبینہ پولیس مقابلے، خطرناک اشتہاری عمرانی، 3 ڈاکو ہلاک

Aug 19, 2015

صفدر آباد+ نارنگ منڈی+ فیصل آباد (نامہ نگاران+ نمائندہ خصوصی) صفدر آباد اور فیصل آباد میں 2 مبینہ پولیس مقابلوں کے دوران خطرناک اشتہاری اور 3 ڈاکو مارے گئے۔ تفصیلات کے مطابق خانقاہ ڈوگراں میں صفدر آباد روڈ پر بدری پور کے قریب پولیس اسلحہ اور مال مسروقہ کی برآمدگی کیلئے خطرناک اشتہاری عمران عرف عمران کو لیکر جا رہی تھی کہ عمران کے ساتھیوں نے حملہ کرکے پولیس سے اسے چھڑا لیا۔ فائرنگ کے تبادلے میں اپنے ساتھیوں کی گولیاں لگنے سے عمران عرف عمرانی ہلاک ہوگیا۔ عمرانی علاقے میں خوف کی علامت اور اسکے سربراہ 10 لاکھ روپے انعام مقرر تھا۔ وہ قتل کے 8 مقدمات میں ملوث بتایا جاتا ہے۔ پوسٹ مارٹم کے بعد عمرانی کی نعش تھانہ نارنگ منڈی پہنچا دی گئی جسے اسکی بہن نے وصول کیا۔ لوگوں کی بڑی تعداد عمرانی کی نعش دیکھنے کیلئے تھانے میں جمع ہوگئی۔ دریں اثناء فیصل آباد کے علاقے سمن آباد میں رسالہ والا کے قریب مبینہ پولیس مقابلے کے دوران خطرناک ڈاکو سہیل عرف شیرا اپنے دو ساتھیوں رہیب عرف زبیری اور علیم سمیت ہلاک ہوگیا جبکہ انکے تین ساتھی فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوگئے۔ بتایا گیا ہے کہ 10 روز قبل بیرون ریل بازار گمٹی چوک میں دن دیہاڑے پولیس وین پر فائرنگ کے دوران نامعلوم مسلح افراد سہیل نامی شخص کو پولیس سے چھڑا کر فرار ہوگئے۔ 3 روز قبل پولیس نے سہیل نامی ڈاکو کو دوبارہ گرفتار کرلیا اور گزشتہ روز پولیس پارٹی وین کے ذریعے سہیل عرف شیرا کو جائے وقوعہ پر لے جا رہی تھی کہ رسالہ والا کے قریب اسلحہ سے لیس انکے ساتھیوں نے ویگن پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں سہیل عرف شیرا زوہیب اور علیم موقع پر ہلاک ہوگئے جبکہ انکے تین مسلح ساتھی جو انہیں چھڑانے کیلئے آئے تھے وہ فرار ہوگئے۔

مزیدخبریں