فیصل آباد، ڈسکہ، بھاگٹانوالہ، قصور (نمائندہ خصوصی + نامہ نگاران) عشق میں ناکامی پر 2 نوجوانوں اور گھریلو حالات سے دلبرداشتہ 3 افراد نے زہریلی گولیاں کھا کر خودکشی کرلی۔ تفصیل کے مطابق فیصل آباد کے محلہ وارث پورہ کے علاقہ ملکھانوالہ روڈ کے رہائشی محمد اسحاق کا 24سالہ بیٹا نبیل محلہ دار لڑکی کو چاہتا تھا اور اسے شادی کا کہا تو لڑکی نے انکار کر دیا جس سے دلبرداشتہ ہو کر نبیل نے زہر کھا لیا۔ دوسرے واقعہ میں چک نمبر192ر۔ب کے رہائشی مشتاق کے بیس سالہ بیٹا اشفاق نے گاؤں کی لڑکی (ن) کے گھر رشتہ بھیجا تو لڑکی کے والدین نے انکار کر دیا جس پر اس نے بھی گندم میں رکھنے والی زہریلی گولیاں نگل لیں۔ دونوں ہسپتال میں دم توڑ گئے۔ گھریلو حالات اور لڑائی جھگڑوں سے تنگ ڈسکہ کے رہائشی (ک) نے گندم میں رکھنے والی زہریلی گولیاں نگل لیں۔ اسے طبی امداد کیلئے سول ہسپتال لایا گیا جہاں تشویشناک حالت کے پیش نظر اسے لاہور ریفر کردیا گیا جو راستہ ہی میں جان کی بازی ہار گیا۔ بھاگٹانوالہ کے نواحی چک نمبر 25 جنوبی کے رہائشی موٹر سائیکل مکینک ارشاد نے گھریلو ناچاقی کی بنا پر زہریلی گولیاں کھا لیں، حالت غیر ہونے پر اسے سرگودھا لیجایا جارہا تھا کہ راستہ میں دم توڑ گیا۔ نوجوان کی تین ماہ قبل ہی شادی ہوئی تھی۔ قصور کے وارڈ نمبر 2 کے رہائشی جمیل احمد کی اپنے گھر والوں سے ناراضگی چلی آرہی تھی۔ وقوعہ کے روز اس نے والدین کی ڈانٹ ڈپٹ سے دلبرداشتہ ہوکر گھر میں پڑی ہوئی گندم میں رکھنے والی گولیاں نگل لیں جس سے وہ دم توڑ گیا۔
عشق میں ناکامی اور گھریلو حالات سے دلبرداشتہ 5 افراد کی خودکشی
Aug 19, 2015