لندن (سپورٹس ڈیسک) آسٹریلوی بلے باز کرس روجرز نے اعلان کیا ہے کہ وہ ایشز سیریز کے اختتام پر ٹیسٹ کرکٹ کو خیرباد کہہ دیں گے۔ 37 سالہ روجرز اوول میں رواں ماہ کھیلے جانے والے پانچویں ایشز ٹیسٹ کے بعد ریٹائر ہوں گے جو کہ ان کا 25واں ٹیسٹ میچ ہوگا۔ روجرز کا کہنا تھا کہ وہ دو سال تک اپنے کھیل سے بہت لطف اندوز ہوئے ہیں لیکن ہر چیز کا ایک اختتام ہوتا ہے۔ آپ کو کبھی بھی سو فیصد یقین نہیں ہوتا۔ مجھے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے خوشی محسوس ہو رہی ہے۔ لوگوں نے مجھ سے کہا تھا کہ جب صحیح وقت آئے گا تو تمھیں خود ہی اس کا اندازہ ہو جائے گا۔ مجھے لگتا ہے کہ یہ صحیح وقت ہے۔کرس روجرز نے پہلا ٹیسٹ بھارت کے خلاف 2008ء میں کھیلا تھا ۔ انھیں پھر موقع نہیں دیا گیا۔ پانچ سال 2013ء میں مڈل سیکس کی طرف سے اچھی کارکردگی دکھانے پراوپنر کی حیثیت سے ایشز کیلئے انھیں دوبارہ چنا گیا۔ انھوں نے سیریز میں تین سنچریاں سکور کیں اور آسٹریلیا نے سیریز 0-5 سے جیت لی تھی۔ روجرز نے اس سال کے ابتداء میں ریکاڈ ساز سات نصف سنچریاں بنائیں تاہم زخمی ہونے کی وجہ سے وہ رواں سال جون میں ویسٹ انڈیز کے ساتھ کھیلی جانے والی ٹیسٹ سیریز میں شرکت نہ کر سکے۔
آسٹریلوی بلے باز کرس روجرز نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا
Aug 19, 2015