گوادر (آئی این پی) سی پیک کا جائزہ لینے کیلئے دس رکنی چینی وفد کا دورہ گوادر ‘وفد نے گوادر پورٹ ایکسپریس وے، فری زون اور دیگر منصوبوں کا جائزہ لیا ۔ تفصیلات کے مطابق چین کا ایک دس رکنی اعلیٰ سطح کا وفد چار روزہ دورے پر گوادر پہنچا ۔ وفد کی قیادت چانگ ڈرانگ کررہے ہیں۔ وفد نے چین پاکستان اقتصادی راہداری پر کام کی پیشرفت ‘گوادر فری زون ، پاک چین فرینڈ شپ پرائمری سکول اور دیگر منصوبوں کا بھی جائزہ لیا۔ اس موقع پر بلوچستان کے ایڈیشنل چیف سیکرٹری دائود باریچ اور گوادر پورٹ اتھارٹی کے چیئر مین دوستین جمال الدین بھی موجود تھے۔ گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر سجاد حسین نے سرمایہ کاروں کے وفد کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ادارہ ترقیات گوادر میں کئی ترقیاتی منصوبوں پر عمل درآمد کررہا ہے جن میں سے بہت سے منصوبے مکمل ہوچکے ہیں جن میں جی ڈی اے ہسپتال ، جی ڈی سکول اور دیگر منصوبے شامل ہیں ۔ گوادر ماسٹر پلان سے متعلق بھی وفود کو تفصیل سے آگاہ کیاگیا۔