خفیہ سازش کے تحت عوام اور جمہوریت سے دُور کیا جارہا ہے: نواز شریف

رائے ونڈ (نامہ نگار) میاں نواز شریف نے نماز جمعہ رائے ونڈ پر کارکنوں کے ہمراہ ادا کی اس موقع پر مشیر وزیر اعلیٰ مرزا محمد جاوید اور مشیر وزیر اعلیٰ بیت المال حبیب اللہ بھٹی بھی موجود تھے، میاں نوازشریف نے خطیب مسجد کی دعا کے بعد اس کا مائیک پکڑ لیا اور وہیں پر کھڑے ہوکر شرکاءسے خطاب شروع کردیا۔ انہوں نے کارکنوں کا اسلام آباد کی ریلی میں جوش و خروش کیساتھ شرکت پر شکریہ ادا کیا اور کہا کارکن پاکستان کی خوشحالی کیلئے اپنی جان ہتھیلی پر رکھ کر باہر نکلے، توہین عدالت کی دھمکیاں کارکنوں کے راستے کی دیوار نہ بن سکیں۔ انہوں نے این اے 120میں بیگم کلثوم نواز کے الیکشن کی نگرانی کیلئے مرزا جاوید کو ذمہ داری سونپی اور کہا ان پر کوئی جرم ثابت نہیں ہوا۔ ایک خفیہ سازش کے تحت ان کو عوام اور جمہوریت سے دور کیا جارہا ہے لیکن ملکی اور غیر ملکی تمام سازشیں محب وطن ن لیگیوں کی بدولت ناکامی کا شکار ہوں گی۔ انہوں نے کہا پاکستان کی ترقی کا سفر یونہی جاری رکھیں گے۔

ای پیپر دی نیشن