ہر کسی نے بہتی گنگا میں ہاتھ دھوئے کیا کرپشن کا پیسہ مرنے کے بعد ساتھ لے جائو گے:سندھ ہائیکورٹ

کراچی (نوائے وقت نیوز) چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ نے رفاہی پلاٹوں، رہائش گاہوں کو شادی ہالز میں تبدیل کرنے کے کیس میں برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ کیا کرپشن کا پیسہ مرنے کے بعد ساتھ لے جائو گے۔ چیف جسٹس احمد علی شیخ کی سر براہی میں دو رکنی بنچ نے رفاہی پلاٹوں، رہائش گاہوں کو شادی ہالز میں تبدیل کرنے کے کیس میں ملوث نجی ہائوسنگ سوسائٹی کے 6عہدیداروں کی درخواست ضمانت کی سماعت کی۔ ملزمان میں عبدالغفار ، یامین۔ اکرم جمیل، امان اللہ اور ابرار شامل ہیں، نیب پراسیکیوٹر نے کہا ملزموں نے 22پلاٹوں کو رہائش گاہوں اور شادی ہالز میں تبدیل کیا ۔ ملزمان کے خلاف ریفرنس دائر ہو چکا ہے۔عدالت نے برہمی کا اظہار کیا اور ریمارکس دیئے کہ کیا کرپشن کا پیسہ مرنے کے بعد ساتھ لے جائو گے۔درخواست گزار نے کہا ہم نے کرپشن نہیں کی جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ ایسا لگ رہا ہے جیسے سب فرشتہ صفت ہوں، عدالت نے 29ستمبر تک سماعت ملتوی کر دی اور آئندہ سماعت پر نیب سے ریفرنس کی تفصیلات طلب کی ہیں۔

ای پیپر دی نیشن