اسلام آباد(نوائے وقت رپورٹ) پاک بحریہ کی کمانڈ اینڈ اسٹاف کانفرنس نیول ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں اختتام پذیر ہوگئی۔ کانفرنس کی صدارت چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد ذکاءاللہ نے کی۔ کانفرنس کے دوران پاک بحریہ کی آپریشنل تیاریوں‘ ترقیاتی منصوبوں اور موجودہ سیکیورٹی صورتحال سے متعلق مختلف امور کا جائزہ لیا گیا۔ چیف آف دی نیول اسٹاف کو پاک بحریہ کے مختلف جاری اور مستقبل کے منصوبوں اور پاک چین اقتصادی راہداری کے میری ٹائم پہلو کے حوالے سے گوادر بندرگاہ کی آپریشنل سرگرمیوں اور سیکیورٹی پر بریفنگ دی گئی۔ سیکیورٹی کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے چیف آف دی نیول اسٹاف نے موجودہ میری ٹائم چیلنجز کے تناظر میں پاکستان نیوی کی آپریشنل تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔ پاکستان کے میری ٹائم اثاثوں کی حفاظت اور میری ٹائم انفرا اسٹرکچر کے دفاع کے سلسلے میں پاکستان نیوی کے صمیم عزم کا اظہار کرتے ہوئے نیول چیف نے پاکستان کی میری ٹائم سرحدوں کا ہر قیمت پر دفاع کرنے کےلئے پاک بحریہ کے غیر متزلزل عزم اور پختہ عہد کو دہرایا۔ نیول چیف نے مزید کہا کہ چیلنجز سے بھپرور‘ پیچیدہ اور بدلتی موجودہ سیکیورٹی صورتحال میں پاکستان نیوی بحر ہند میں امن و استحکام کے قیام میں اپنا اہم کردار ادا کرتی رہے گی۔ انہوں نے فیلڈ کمانڈرز پر زور دیا کہ وہ تیاریوں کے اعلیٰ معیار اور اپنے ایریاز آف ریسپنسیبلٹی میں مستقبل مستعدی کو برقرار رکھیں۔ کمانڈ اینڈ اسٹاف کانفرنس کو پاک بحریہ کی فیصلہ سازی کے نہایت اہم اجلاس کی حیثیت حاصل ہے۔