نئی دہلی (آن لائن+ صباح نیوز+ این این آئی) وزیراعظم پاکستان کی تقریب حلف برداری میں شرکت اور سربراہ پاک فوج سے ملاقات پر بھارتی انتہا پسندوں تنگ نظر بھارتی میڈیا نے سابق بھارتی کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو کے خلاف محاذ کھول لیا، بھارتی میڈیا نے روایتی ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نوجوت سنگھ سدھو کے خلاف منفی پراپیگنڈا شروع کر دیا۔ بھارت کے مختلف شہروں میں انتہاپسندوں کی جانب سے نوجوت سنگھ سدھو کے خلاف مظاہرے کئے گئے اور سابق بھارتی کرکٹر کے پتلے بھی جلائے گئے۔ این این آئی کے مطابق بھارت میں نوجوت سنگھ سدھو کے خلاف مظاہرے پھوٹ پڑے۔ بھارتی اوپنر نوجوت سنگھ سدھو کو ملنے والی پذیرائی سے نالاں بھارتی میڈیا نے واویلا شروع کر دیا اور اپنے ہی کرکٹر کو آڑے ہاتھوں لیا جبکہ انتہاپسند جماعتوں نے بھارت کے مختلف علاقوں میں مظاہرے کئے اور سدھو کے پتلے بھی جلائے۔ این این آئی کے مطابق حلف برداری کی تقریب میں شرکت کے بعد بھارتی میڈیا اور سوشل میڈیا صارفین نے سدھو پر تنقید کے تیر برسانے شروع کردئیے۔بھارتی میڈیا نے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر ایک خبر شائع کی جس میں بتایا گیا نوجوت سنگھ سدھو عمران خان کی حلف برداری کی تقریب کے دوران آزاد کشمیر کے صدر مسعود خان کے ساتھ بیٹھے۔ یہ بات منظر عام پر آنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے اپنی تمام تر توپوں کا رخ سدھو کی جانب کردیا۔
سدھو/ مظاہرے