اسلام آباد (آن لائن+ آئی این پی) وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ خاتون اول بشریٰ بی بی نے کہا ہے اللہ پاک نے ہم پر ملکی بھاری ذمہ داری عائد کی ہے اس لئے ڈری ہوئی ہوں۔ نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا آج میں خوش نہیں بلکہ ڈری ہوئی ہوں کیونکہ اقتدار تو آنی جانی چیز ہے اس کی کوئی پروا نہیں لیکن اللہ پاک نے ہم پر ملک کی بھاری ذمہ داری عائد کی ہے۔ انہوں نے کہا عمران خان کا مقصد ملک سے غربت کا خاتمہ اور صحت و تعلیم کے نظام کو بہتر کرنا ہے ۔ اب ہمیں عوام نے منتخب کیا ہے تو انشاءاللہ اللہ کے فضل و کرم سے عوام کی توقعات پر اتریں گے۔ انہوں نے کہا عمران خان نے عام درزی سے شیروانی سلوائی تھی اس کے لئے کوئی خاص قسم کا اہتمام نہیں ہوا۔ ہمارا مقصد دن رات کام کر کے قوم و ملک کی ترقی ہے تاکہ ہم عوام کی امنگوں پر پورا اتر سکیں۔ وزیراعظم عمران خان کی تقریب حلف برداری میں خاتون اول بشریٰ بی بی مرکز نگاہ بنی رہیں۔ تقریب حلف برداری میں عمران خان نے جہاں باوقار سیاہ شیروانی زیب تن کی وہیں ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے سفید رنگ کا انتخاب کیا۔ اپنے شوہر کی سیاسی زندگی کے اس انتہائی اہم موقع پر بشریٰ بی بی نے سفید عبایا، نقاب اور سفید انگوٹھی پہن رکھی تھی۔ان کے ہاتھ میں موجود تسبیح بھی سفید رنگ کی تھی، جس پر وہ مسلسل کچھ پڑھ رہی تھیں۔یہاں تک کہ خاتون اول کے جوتے بھی عبایا سے میچ کرتے ہوئے نظر آئے۔ بشریٰ بی بی عمران خان سے قبل ہی ایوان صدر پہنچ گئیں جبکہ عمران خان کے حلف اٹھانے کے بعد پارٹی کی خواتین رہنماﺅں سے گلے ملیں اور مبارکبادیں وصول کرتی رہیں۔ جونہی تقریب حلف برداری شروع ہوئی بشریٰ بی بی نے اپنی آنکھیں بند کرلیں اور درود پڑھنے لگیں اور اپنے شوہر سمیت ملک بھر کی کامیابی کی دعائیں کرتی رہیں۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق وزارت عظمیٰ کا حلف اٹھانے کے بعد عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے نئی قیام گاہ کا دورہ کیا۔ نئے وزیراعظم عمران خان کی نئی رہائش دو بیڈ روم پر مشتمل ہے۔ نومنتخب وزیراعظم عمران خان نے سادگی اختیار کرتے ہوئے وزیراعظم ہاﺅس کے ملٹری سیکرٹری ہاﺅس میںرہائش اختیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ وزیراعظم ہاﺅس کے حوالے سے بھاری اخراجات کی بچت کی جا سکے۔ وزیراعظم ہاﺅس کے اس چھوٹے رہائشی گھر میں بھی تواضع پر کسی قسم کے سرکاری اخراجات نہیں ہونگے، مہمان یہاں ملنے آئیں تو سادہ چائے اور پانی ہی ملے گا۔
بشریٰ بی بی