جنرل باجوہ نے گلے لگایا‘ بہت کچھ مل گیا:سدھو

اسلام آباد (خبرنگار+ نیوز ایجنسیاں) بھارتی سابق کرکٹرنوجوت سنگھ سدھو نے کہا ہے کہ تاریخی لمحے پر دعوت میرے لئے بڑے مان کی بات ہے، عمران خان سے امید اور آس ہے۔ وزیراعظم عمران خان کی حلف برداری تقریب میں شرکت کے لئے ایوان صدرآمد پر کہا عمران خان سے امید اور آس ہے۔ وزیراعظم عمران خان کی تقریب حلف وفاداری میں شرکت کیلئے بھارت سے خصوصی طور پر پاکستان آنے والے بھارت کے سابق سٹار کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو ویزا نہ ہونے کے باعث جنم استھان بابا گورر نانک صاحب (ننکانہ صاحب )نہ جاسکے۔ آن لائن کے مطابق نوجوت سنگھ سدھو نے وکم مہتہ، رمیز راجہ، فیصل جاوید کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا جتنی محبت لایا تھا اس سے سو گناہ زیادہ لے کر جارہا ہوں اور جو واپس آیا وہ سود سمیت آیاہے،عمران خان نے کہا تم ایک قدم چلو ہم دو قدم چلیں گے، یہ کوئی چھوٹی بات نہیں، واپس جاکر حکومت سے کہیں گے کہ ایک قدم چلیں، یقین ہے ہم ایک قدم چلیں گے تو آپ دو قدم چلیں گے، یہ بہت بڑی امید ہے،جنرل قمرجاوید باجوہ نے ملاقات کے دوران کہا ہم امن چاہتے ہیں،آرمی چیف نے پرتپاک انداز میں ویلکم کیا،جنرل قمر جاویدباجوہ کی باتیں دل کو اچھی لگیں۔ انہوں نے کہا محبت کا پیغام لایا ہوں۔ سدھو نے کہا عمران خان پاکستان کی تقدیر بدلنے کی طاقت رکھتا ہے، دونوں پنجاب کے بارڈر کھول دیں تو 6 مہینے میں 7 سال کی ترقی کے امکان ہیں۔ جنرل باجوہ نے بابا گرونانک کے 550 جنم دن پر راستے کھولنے کا کہا ہے، انہوں نے کہا کہ جنم دن پر کرتار پورہ کا راستہ کھول دیں گے۔ سابق بھارتی کرکٹر نے کہا میں نے کہا وزیراعلیٰ پنجاب سمیت ایک چھوٹا سا وفد لانا چاہتا ہوں، جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہاجتنے لوگ مرضی آناچاہیں ۔ان کا کہنا تھا کہ کب تک ہم لال سمندر میں تیریں گے، آئیں ایک نیلا سمندر بنائیں جس میں سب تیریں، سوچ کر آیا تھا یہاں دوستی کرکے چلیں گے کوئی سیاسی بات نہیں کرنی، میں کوئی حکومتی وزیر نہیں دوست بن کر آیا ہوں، دوستی کے پیغام کے بدلے میں اتنا کچھ دے دیا گیا وہ ساری زندگی نہیں مل سکتا۔ آرمی چیف نے کہاہے کہ پاکستانی امن پسندہیں،آپ کوہرجگہ ویلکم کہیں گے۔ سدھو نے کہا پاک فوج کے چیف کی اتنے اچھے اندازمیں بات چیت دل کوبہت بھائی۔بھارت میں نوجوت سنگھ سدھو کے خلاف مظاہروں سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ دنیا میں سب سے بڑا روگ میرے بارے میں کیا کہیں گے لوگ، مجھے اس کی پرواہ نہیں، میں سیاست کے لیے نہیں آیا ایک دوست کا پیغام لایا، اگر کوئی نہ آتا تو برا لگتا، عمران خان کو 35 سال سے جانتا ہوں، روز گراﺅنڈ میں ملاقات ہوتی تھی اورمہینوں کمنٹری کی، اس دوستی کو چھوٹے دائرے میں نہ دیکھیں، یہ پیغام دو تین کرکٹرز کے لیے نہ دیکھیں یہ سب کے لیے تھا، یہ چھوٹی بات نہیں۔ جو میری مخالفت کرتے ہیں ان کی لمبی عمر کی دعا کرتا ہوں، ضروری نہیں کوئی مخالفت کرے تو اس کے بارے میں کچھ کہیں۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اب فیصلے حکومتوں نے لینا ہے، میں پیغام لے کر آیا ہوں، پیغام پہنچاسکتا ہوں، مجھے انڈین ہائی کمیشن بھی جانا ہے جو بھی مجھے ملے گا اس ٹیبل پر مسائل سلجھانے کا کہوں گا۔
اسلام آباد (جاوید صدیق) بھارتی کرکٹ نوجوت سنگھ سدھو گزشتہ روز ایوان صدر میں وزیراعظم عمران خان کی حلف برداری کی تقریب میں توجہ کا مرکز رہے۔ جب آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ حلف برداری کی تقریب والے ہال میں آئے تو انہوں نے بھارتی کرکٹر کو گلے لگایا اور ان سے غیر رسمی بات چیت کی۔ سدھو نے نوائے وقت کے ساتھ آرمی چیف سے ہونے والی بات چیت شیئر کرتے ہوئے کہا جنرل قمر باجوہ سے ان کی بات چیت بہت اچھی رہی۔ پنجابی زبان میں بات چیت کرتے ہوئے بھارتی کرکٹر نے کہا ”باجوہ صاحب مینوں بہت چنگے لگے نیں اناں نال دل دی گل بات ہوئی اے“ باجوہ صاحب نے کہا پاکستان بابا گورونانک کی 550 ویں سالگرہ کی تقریبات کے انعقاد میں بھرپور مدد کرے گا۔ ان تقریبات میں شرکت کے لئے جتنے بھی لوگ بھارت سے آئیں انہیں خوش آمدید کہا جائے گا۔ بھارتی کرکٹر نے بتایا جنرل باجوہ سے وہ دو مرتبہ گلے ملے اور بعد میں انہوں نے اپنے بیٹوں سے بھی ملوایا۔ سدھو نے نوائے وقت کو بتایا اگلے برس بابا گورونانک کی سالگرہ ہو گی ہم اس سالگرہ کی تقریبات میں بڑی تعداد میں آنا چاہتے ہیں جس پر باجوہ صاحب نے انہیں ویلکم کیا۔
سدھو/آرمی چیف

ای پیپر دی نیشن