اسلام آباد(آئی این پی+نوائے وقت گروپ)وزیراعظم عمران خان کی حلف اٹھاتے ہوئے زبان لڑکھڑا گئی۔صدر ممنون حسین نے حلف لینا شروع کیا تو عمران خان حلف اٹھاتے ہوئے کئی بار اٹکے اور غلطیاں کیں۔ عمران خان جب حضرت محمد رسول اللہ بحیثیت خاتم النبین پر پہنچے تو انہوں نے خاتم غلط پڑھا ، جس پر صدر ممنون حسین نے ان کی تصیح کی اور دوبارہ سے پڑھایا۔ اپنی اس غلطی پر عمران خان مسکرائے اور خاتم النبین کو دوبارہ پڑھا۔پھر انہوں نے روز قیامت کو روز قیادت پڑھ دیا صدر نے تصحیح کی تو عمران خان پھر ہنسے، سوری کہا اور اپنی غلطی کو دور کیا۔حلف اٹھانے کے بعد عمران خان مسکرائے، چشمہ اتارا اور اطمینان سے اپنی نشست پر بیٹھ گئے۔نوائے وقت رپورٹ کے مطابق وزیراعظم عمران خان گارڈ آف آنر میں کبھی مسکرائے اور کبھی انگوٹھی گھمائی۔ نجی ٹی وی کے مطابق عمران خان گارڈ آف آنر کے دوران بائیں ہاتھ سے دائیں ہاتھ میں پہنی انگوٹھی گھماتے رہے۔ انہوں نے کبھی سینے پر ہاتھ رکھا اور کبھی ادھر ادھر دیکھا، عمران خان ریلیکس موڈ میں تھے۔ اس دوران ساتھ موجود ملٹری سیکرٹری وزیراعظم عمران خان کی رہنمائی کرتے رہے۔
حلف اٹھاتے عمران کی زبان کئی بار لڑکھڑا گئی، گارڈ آف آنر کے دوران انگوٹھی گھمائی
Aug 19, 2018