اسلام آباد/ واشنگٹن/ انقرہ/ تہران/ سری نگر (نمائندہ خصوصی + نوائے وقت رپورٹ + صباح نیوز + آن لائن) نومنتخب وزیراعظم عمران خان کو مختلف ممالک کے سربراہان کی جانب سے مبارکباد اور تہنیتی پیغامات کا سلسلہ جاری ہے۔ امریکہ، چین، ترکی، ایران اور حریت قیادت نے نئی حکومت کے ساتھ تعلقات مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ کی طرف سے جاری بیان میں عمران خان کو وزارت عظمیٰ کا حلف اٹھانے پر مبارکباد دی گئی ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ پاکستان کی نئی حکومت خطے میں امن اور خوشحالی کیلئے کام کرے گی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ہفتے کے روز امریکی محکمہ خارجہ سے بیان جاری کیا گیا جس میں امریکہ کی طرف سے نومنتخب وزیراعظم عمران خان کو وزارت عظمیٰ کا حلف اٹھانے پر مبارکباد دی گئی اور امید ظاہر کی گئی کہ پاکستان کی نئی حکومت خطے میں امن اور خوشحالی کیلئے کام کرے گی۔ امریکی محکمہ خارجہ نے بھی کہا ہے کہ پاکستان اور امریکہ کے تعلقات سات دہائیوں پر محیط ہیں۔ دریں اثناءچین کے وزیراعظم لی کی کیانگ نے پاکستان کے نئے وزیراعظم عمران خان کو تہنیتی پیغام بھجوایا ہے۔اپنے پیغام میں انہوں نے کہاکہ وہ ایک ٹھوس تعلقات کار قائم کرنے کیلئے تیار ہیں چین اورپاکستان کے درمیان روایتی دوستی کو آگے بڑھائیں گے۔چینی وزیراعظم نے کہاکہ چین اور پاکستان کے درمیان سدابہار تزویزاتی تعاون پرمبنی شراکت داری ہے جو بدلتی عالمی صورتحال اور چیلنجوں کے باوجودفروغ پارہی ہے۔ علاوہ ازیں ترک صدر رجب طیب اردگان نے وزیراعظم عمران خان کو خط لکھا۔ خط میں ترک صدر نے کہا کہ عمران خان کو وزیراعظم بننے پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دیتا ہوں۔ ترک صدر حالیہ معاشی بحران میں تعاون پر وزیراعظم عمران خان کا شکریہ ادا کیا اور کہا امید کرتے ہیں عمران خان کے دور میں پاک ترک تعلقات مزید بہتر ہوں گے۔ آپ کی کامیابی کیلئے دعاگو ہوں۔ علاوہ ازیں ایرانی صدرحسن روحانی نے عمران خان کو وزیراعظم بننے پر مبارکباد دی ہے۔ حسن روحانی نے کہا کہ عمران خان کا انتخاب بہادر اور عزت مند پاکستانیوں کی امنگوں کی علامت ہے۔ امید ہے عمران خان کے دور اقتدار میں عالم اسلام کی وحدت میں اضافہ ہوگا اور پاکستان، ایران کے دوستانہ تعلقات کو مزید فروغ ملے گا۔ پاکستان کے ساتھ تمام شعبوں میں تعاون بڑھانے کے خواہشمند ہیں۔ آل پارٹیز حریت کانفرنس کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق سمیت کشمیری حریت رہنماﺅں نے عمران خان کو وزیر اعظم بننے پر مبارکباد دی ہے۔ میر واعظ عمر فاروق کا کہنا ہے کہ امید ہے کہ عمران خان پاکستان کو سیاسی و معاشی لحاظ سے مستحکم بنائیں گے اور پاکستان کو عالم اسلام کا ترجمان بنانے کے لیے تمام صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔ امید ہے عمران خان مسئلہ کشمیر حل کرانے کی پاکستانی کوششیں جاری رکھیں گے۔ علاوہ ازیں نیشنل کانفرنس کے صدر اور مقبوضہ کشمیر کے سابق وزیراعلیٰ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے عمران خان کو پاکستانی وزیراعظم منتخب ہونے اور عہدے کا حلف اٹھانے پر مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ عمران خان کی حکومت بھارت کے ساتھ خوشگوار اور دوستانہ تعلقات بحال کرکے آپسی رشتوں میں چار چاند لگادے گی۔ دریں اثنا برطانیہ کی بریڈفورڈ یونیورسٹی نے عمران خان کو وزیراعظم بننے پر مبارکباد دی ہے۔ بریڈفورڈ یونیورسٹی نے کہا ہے کہ عمران نے وزیراعظم کا حلف اٹھایا۔ کرکٹر، یونیورسٹی چانسلر سے وزیراعظم تک کا سفر ناقابل یقین ہے۔ترک صدر نے کہا کہ خود کو ہمارے سٹرٹیجک پارٹنر کہنے والوں کے آگے سر نہیں جھکائیں گے۔ جو ہمیں سٹرٹیجک ٹارگٹ بنا رہا ہے‘ معاشی سختیوں‘ پابندیوں اور کرنسی میں اتار چڑھاﺅ سے ڈرا رہے ہیں ان کا مقابلہ کریں گے۔ ترکی امریکہ سے خوفزدہ نہیں ہوگا۔
امریکہ، چین/ مبارکباد