لاہور (نامہ نگاروں سے) عمران خان کے بطور وزیراعظم حلف اٹھانے پر کمالیہ میں پی ٹی آئی کارکنان کا جشن، ڈھول کی تھاپ پر رقص کرتے رہے، مٹھائیاں بھی تقسیم کی گئی۔ اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے نومنتخب ایم پی اے آشفہ ریاض فیتانہ نے کہا کہ آج ملک میں تبدیلی کا دن ہے ۔ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان باقاعدہ وزیر اعظم منتخب ہو چکے ہیں۔ ہم تمام کارکنان کا شکریہ ادا کرتے ہیں جن کی انتھک محنتوں کے نتیجے میں آج یہ کامیابی ملی ہے۔ بھاگٹانوالہ میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما ملک اسد عباس اعوان، ISF بھاگٹانوالہ کے صدر مہر شعیب ظفر اور صدر انجمن تاجران مہر بشیراحمد نے بھاگٹانوالہ میں مختلف مقامات پر مٹھائیاں تقسیم کی۔ شاہین چوک، مدینہ کالونی چوک اور مین بازار بھاگٹانوالہ میں ڈھول کی تھاپ پر رقص کیا گیا آتشبازی اور مٹھائیاں تقسیم کی گئیں۔ اس موقع پر رب نواز اعوان، کونسلر ملک گل زمان اعوان، ملک بلال اعوان، ملک خالد اعوان، شوکت صابر، حافظ علی اعجاز، نوید وڑائچ، چوہدری عبدالرشید، مہر احسان، ظفربشیر سمیت کثیر تعداد میں لوگوں شریک تھے۔ سرگودھا کے مختلف مقامات پر آتشبازی اور مٹھائیاں تقسیم کی گئیں ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے بھی ڈالے گئے ٹائیگرز کی بڑی تعداد سڑکوں پر نکل آئی جنہوں نے وزیر اعظم عمران خان کے منتخب ہونے پر جشن منایا۔ منکیرہ میں پی ٹی آئی کے عہدہ داروں کا جشن مٹھائیاں تقسیم کیں گئیں۔ تقریب میں سٹی صدر پی ٹی آئی چوہدری غلام سرور بھٹی، جنرل سیکرٹری ملک وارث چھینہ سمیت تمام عہدیداران اور شہریوں کی کثیر تعداد میں شرکت کی۔ پی ٹی آئی کے سٹی صدر چوہدری غلام سرور بھٹی اور جنرل سیکرٹری ملک وراث چھینہ نے تمام انتظامات سنبھالے اور شرکاء میں مٹھائیاں تقسیم کیں اور شکرانے کے نوافل ادا کئے۔ گوجرانوالہ میں پی ٹی آئی کے کھلاڑیوں نے کپتان کی حلف برداری کی تقریب کے بعد پر جوش انداز میں نعرے بازی کرنے کے ساتھ مٹھائیاں بھی تقسیم کیں۔ ٹکٹ ہولڈر علی اشرف مغل کے مرکزی دفتر میں نومنتخب وزیر اعظم عمران خان کی حلف برداری کی تقریب دیکھنے کیلئے بڑی سکرین لگائی گئی تھی جہاں پر موجود کارکنوں نے کپتان کے حلف اٹھانے کے بعد ایک دوسرے کو مبارکباد دی۔شیخوپورہ میں پی ٹی آئی کے کونسلروں نے جشن منایا اور مٹھائی تقسیم کی۔ رکن پنجاب اسمبلی میاں خالد محمود اور دیگر نے جشن کی تقریب میں شرکت کی۔ سانگلہ ہل میں کارکنوں نے حمید نظامی روڈ پر جشن فتح منایا اور ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے اور مٹھائی تقسیم کی۔ کارکنوں کی قیادت پی ٹی آئی اے سنٹرل پنجاب کے نائب صدر چودھری منصف علی سندھو اور دیگر نے کی۔ شاہکوٹ میں چودھری محمد ارشد ساہی اور دیگر کی قیادت میں سینکڑوں کارکنوں کی ریلی سائونڈ سسٹم اور ڈھول کی تھاپ پر نکالی گئی اور منوں مٹھائی تقسیم کی گئی۔