لاہور (نمائندہ سپورٹس+ صباح نیوز) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے نومنتخب وزیراعظم عمران خان کو مبارکباد دی اور امید ظاہر کی ہے آپ کی ٹیم نئی نسل کے لئے بہتر پاکستان بنائے گی۔ صباح نیوز کے مطابق کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم کا کہنا ہے انہیں تاریخ کا حصہ بننے پر خوشی محسوس ہورہی ہے۔ایوان صدر میں وزیر اعظم کی تقریب حلف برداری میں بطور مہمان شریک وسیم اکرم نے کہا الیکشن کے بعد سے پورے ملک کے چہرے پر خوشی ہے اور لوگ پر امید ہیں ملک بہتری کی طرف جائے گا۔ خوشی ہے آج ملک کی تاریخ کا حصہ بننے جارہے ہیں آج ایک نئی صبح ہے۔ عمران خان نے ایمانداری کے ساتھ سخت محنت کی اور یہ 22 سال کی محنت کا پھل ہے۔ انہوں نے کہا پورے پاکستان کے نوجوان بہت پرامید ہیں۔ عمران خان کے بطور وزیر اعظم انتخاب پر کرکٹرز کا سر بھی فخر سے بلند ہو گیا۔عمران خان کے وزیر اعظم بننے کے بعد جہاں قوم کی خوشی کا ٹھکانہ نہیں۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر اپنے پیغام میں سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے کہا عمران خان کے ملک کا 22ویں وزیر اعظم بننے پر قوم مبارکباد کی مستحق ہے، میں نیا پاکستان بنانے پر ان کے لیے نیک خواہشات رکھتا اورملک کو نئے دور میں جاتا ہوا دیکھ رہا ہوں۔ سعید اجمل نے کہا عمران خان کو وزیراعظم بننے پر سب کو بہت مبارکباد۔ کامران اکمل نے کہا میں عمران خان کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارکباد دیتا اور امیدکرتا ہوں ان کے دور میں پاکستان ترقی کے راستے پر گامزن ہوگا، حسن علی نے کہا میں عمران خان کو وزیر اعظم بننے پر مبارکباد دیتا ہوں۔ محمدحفیظ نے کہا میری نیک تمنائیں عمران خان کے ساتھ ہیں، نیا پاکستان زندہ باد۔ وہاب ریاض کے مطابق عمران خان کو کامیابی پر مبارکباد، پورا پاکستان آپ کے ساتھ ہے۔