ڈیلاس ٹیکساس(صباح نیوز)وزیر اعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان کی امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر ڈیلاس میں امریکی کانگریس کی خارجہ امور کمیٹی کے اراکین رون رائیٹس،اینجی چن اور عامر علی روپانی سے ملاقات، وزیر اعظم آزا دکشمیر نے اراکین کو مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال پر بریفنگ دی۔ اس موقع پر وزیر حکومت احمد رضا قادری ودیگر بھی موجودتھے۔وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا کہ مقبوضہ وادی میں اس وقت بدترین لاک ڈاون ہے تمام رابطے منقطع ہیں،ہندوستانی فوجیوں کو کالے قوانین کے تحت کشمیریوں کے قتل عام کی کھلی چھٹی ملی ہوئی ہے،ہندوستانی فوج لائن آف کنٹرول پر معصوم کشمیریوں کو نشانہ بنا رہی ہے،انہوں نے کہا کہ کشمیر سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر موجود ہے اسکا حل ناگزیر ہے۔امریکہ خطے کو جنگ کے خطرات سے بچانے اور مقبوضہ کشمیر کے عوام کو حق خود ارادیت دلوانے میں اپنا کردار ادا کرے۔ وزیراعظم آزاد کشمیر نے امریکی کانگریس کی خارجہ امور کمیٹی کے اراکین کو مسئلہ کشمیر کے تاریخی پس منظر اور اقوام متحدہ کی کشمیر سے متعلق قرار دادوں کے بارے میں تفصیلی طورپر آگاہ کیا اور بتایا کہ بھارت مسلسل اقوام متحدہ کے قرار دادوں کی خلاف ورزی کے ساتھ ساتھ وادی کے اندر انسانیت سوزاقدامات روا رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر کے اندر انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا مرتکب ہورہا ہے جس پر عالمی برادری، اور انسانی حقوق کے ادارے بھی تشویش کا اظہار کر رہے ہیں۔ وزیر اعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ 05اگست سے بھارت نے مقبوضہ کشمیر کے اندر انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیاں مزید تیز کررکھی ہیں۔ امریکی کانگریس کی خارجہ امور کمیٹی کے اراکین نے کہا خطے کے حالات پر ہمیں شدید تشویش ہے آپ کے تحفظات اور خدشات کو خارجہ امور کی کمیٹی کے سامنے رکھیں گے۔انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق کی پامالی انتہائی سنگین ہے دنیا میں جہاں کہیں بھی یہ ہو ہمیں اس پر تکلیف ہوتی ہے۔امریکی کانگرس کی خارجہ امور کمیٹی کے اراکین رون رائیٹس،اینجی چن اور عامر علی روپانی کے وزیراعظم آزادکشمیر کو ہر ممکن تعاون کا یقین بھی دلایا۔