قومی سلامتی کی پارلیمانی کمیٹی کا پہلااجلاس آج شام طلب

اسلام آباد ( وقائع نگار خصوصی) قومی سلامتی کی پارلیمانی کمیٹی کا پہلااجلاس آج (پیر)شام طلب کر لیا گیا ہے جس میں دونوں ایوانوں میں حکومت اپوزیشن جماعتوں کے پارلیمانی لیڈرزشرکت کریں گے پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس کے شرکاء کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس میں مسئلہ کشمیر پرہونے والے فیصلوں سے آگاہ کیا جائے گا پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس میں قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں کئے جانے والے فیصلوں کے بارے میں بھی اعتماد میں لیا جائے گا سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر پارلیمانی قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کریں گے۔کمیٹی کو ملکی خارجی اور داخلی امور پر تفصیلی بریفنگ دی جائے گی۔کمیٹی میں صدر اور وزیراعظم آزاد جموں کشمیر، وزیر اعلی، گورنر گلگت بلتستان بھی خصوصی طور پر شرکت کریں گے ۔وفاقی سیکرٹریز برائے داخلہ، دفاع،خارجہ، کشمیر افیئر و گلگت بلتستان اور قومی سلامتی ڈویزن، کمیٹی کو ملکی داخلی اور خارجی سلامتی سے متعلق مجموعی صورتحال سے آگاہ کریں گے۔کمیٹی میں وزیر دفاع، وزیر داخلہ اور وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان خصوصی طور پر شرکت کریں گے۔ اجلاس پانچ بجے شام پارلیمینٹ ہاؤس کے آئینی کمیٹی روم میں ہوگا۔ قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمد شہباز شریف بلاول بھٹو زرداری ,مولانا اسعد محمود،سردار اختر مینگل، امیر حیدرہوتی سینیٹ سے سراج الحق ،مشاہد اللہ خان، شیری رحمان، محمد علی خان سیف، میر حاصل خان بزنجو، مولانا عبدالغفور حیدری،محمد عثمان خان کاکڑ، وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی، وزیردفاع پرویزخٹک اور دیگر ارکان کو مدعو کیا گیا ہے ۔میاں شہباز شریف کی علالت کے باعث اجلاس میں شرکت امکان نہیں ۔

ای پیپر دی نیشن