دنیا کے امن کیلئے مسئلہ کشمیر حل کیا جائے، 100 مفتیوں، علماء کا مطالبہ

لاہور (خصوصی نامہ نگار) 100سے زائد مفتیان کرام اور علماء نے مطالبہ کیا ہے، دنیا امن سے جینا چاہتی ہے تو کشمیر کے مسئلہ کو اپنی ترجیحات میں رکھے، مسئلہ کشمیر حل نہ ہوا تو عالمی امن خطرے میں پڑھ سکتا ہے کیونکہ ہٹلر ثانی مودی مقبوضہ کشمیر کا ہی نہیں بلکہ بھارتی عوام کا بھی دشمن ہے، سیکورٹی کونسل کی جانب سے کشمیر کے مسئلہ پر اجلاس منعقد کرنا قابل تعریف ہے، اب تک کی حکومتی پالیسی کشمیر کے حوالے سے کامیاب رہی ہے، پوری قوم پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ بھارتی عسکری وار کا منہ توڑ جواب دینے کے لئے پاک فوج ہمہ وقت تیار ہے، پاکستانی بچہ بچہ پاک فوج کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی مانند کھڑے ہوکر جہادکرے گا۔ ان خیالات کا اظہارتنظیم اتحادا مت پاکستان کے زیر اہتمام لاہور پریس کلب میں ’’تکمیل پاکستان کشمیر کانفرنس ‘‘ کا اعلامیہ پڑھتے ہوئے چیئرمین تنظیم اتحاد امت پاکستان اور کوآرڈینیٹر متحدہ علماء بورڈ حکومت پنجاب پیر محمدضیاء الحق نقشبند ی نے کیا ۔ کانفرنس کی صدارت صاحبزادہ عظمت محمود تاج نے کی ۔ ’’ تکمیل پاکستان کشمیر کانفرنس ‘‘میں فیصلے کیے گئے کہ بہت جلد 100سے زائد مشائخ عظام کی ’’مشائخ کشمیر کانفرنس ‘‘، ٹی وی اینکر ز اور کالم نگاروں پر مشتمل ’’اہل قلم کشمیر کانفرنس ‘‘ شعراء حضرات پر مشتمل’’کشمیر مشاعرہ ‘‘ مدارس میں حدیث پڑھانے والی خواتین پر مشتمل ’’شیخات الحدیث کانفرنس ‘‘منعقد کی جائے گی۔ آئندہ جمعہ کو چاروں صوبوں میں مظلوم کشمیر ی مسلمانوں کے حق میں خطابات جمعہ دئیے جائیں گے ۔مساجد میں کشمیر ی مظلوم مسلمانوں کے حق میںقرارداویں منظور کی جائیں گی اور جمعہ کی نماز کے بعد پورے ملک میں احتجاجی جلوس اور ریلیاں نکالی جائیں گی اور مظاہرے کیے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ایٹمی جنگ سے پاک بھارت تباہ نہیں ہوگا بلکہ یہ جنگ پوری دنیا کو اپنی لیپٹ میں لے گی۔ 50 سے زائد اسلامی ممالک کے حکمرانوں کو مظلوم کشمیری عوام کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے، امریکہ بھارت اور اسرائیل کے گٹھ جوڑ کی وجہ سے شام عراق لیبیا اورافغانستان کے حالات خراب ہوئے ہیں، یہ تینوں ممالک بڑی چالاکی کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں، ان کیخلاف او آئی سی کا ہنگامی اجلاس فوری طور پر بلایا جائے تاکہ یہود وہنود کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کی جا سکے۔ تکمیل پاکستان کشمیر کانفرنس میں علامہ محمد راغب حسین نعیمی، علامہ رضائے مصطفی نقشبندی، پیر محمدعامر ظفر چشتی، صاحبزاد ہ سید تنویر حسین شاہ ،پیر معاذالمصطفیٰ قادری، مولانا محمد علی نقشبندی، صاحبزادہ پیر حفیظ اظہر، مفتی خضر الاسلام نقشبندی، مفتی حسنین رضا ، مفتی عبدالطیف قادری، مولانا محمد ارشد نعیمی، مفتی محمد فرقان عباس ، مفتی محمد عمران حنفی قادری، مولانا محمد عارف ستار، مفتی محمد شفقت یوسفی، مفتی محمد شاہد مدنی، مفتی عرفان اللہ سیفی، ذوالفقار احمد نقشبندی، پیر سید شہباز احمد سیفی، علامہ بدر منیر سیفی، بدر ظہور چشتی ، مفتی عبدالستار احمد سعیدی ، مفتی محمد انوار ، مولانا مبارک علی رضوی ، مفتی محمد اسعد عباس ، مفتی محمد صدیق، مفتی محمد صادق، مولانا محمد زاور احمد ، مفتی محمد ایوب آزاد، مولانا احمد شکیل ، مفتی محمد وسیم، قاری غلام حسین نقشبندی ، مفتی فرقان عباس، مفتی محمد ذیشان ،محمد عارف طیبی ،محمد حسن نقشبندی، سید توقیر شاہ ، اوردیگر شریک ہوئے ۔اعلامیہ میں مزید کہا گیا ہے کہ مشرف ،پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے دور حکومت میں کشمیر پالیسی کو سردخانے میں ڈالنے والوں کیخلاف چیف جسٹس آف پاکستان کمشن تشکیل دیں۔9لاکھ بھارتی فوج اورہزاروں آر ایس ایس کے مودی غنڈوں کی بدمعاشوں کی بدمعاشیوں پر اسلامی ممالک کے حکمران اپنی آنکھیں کھولیں، چین کا کشمیر کے مسئلہ پر کھل کرپاکستان کا ساتھ دینا قابل ستائش ہے ۔

ای پیپر دی نیشن